تلنگانہریاستوں سے

یاقوت پورہ SIO کا سیرت کوئز جلسہٴ تقسیم اسناد، مقررین کا خطاب

مسلم نوجوان اپنے مقصد حیات کو سمجھیں‘ تعلیم اور اخلاق سے آراستہ ہوں

حیدرآباد: 24/اکٹوبر(پی آر) اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا یاقوت پورہ یونٹ کی جانب سے رحمت عالم ﷺ کوئز مقابلہ جات میں شریک اور کامیاب طلباء کاجلسہ تقسیم انعامات واسنادات یونیک ہائی اسکول عیدی بازار پرمنعقد ہوا۔ واضح رہے کہ ایس آئی او کی جانب سے ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے سیرت کوئز مقابلے شہر میں مختلف مقامات پر منعقد کئے جارہے ہیں۔ اس جلسہ کی صدارت محمدعمادالدین امیرمقامی جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ نے کی۔ اپنے خطاب میں محمدعمادالدین نے کہا کہ ہمیں رسول اکرمﷺ کی تعلیمات سے اپنے نونہالوں کوواقف کروانا ضروری ہے۔ اسلامی تعلیمات پر عمل پیراہوتے ہوئے ہم دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ ایس آئی او کی جانب سے سیرت کوئز مقابلے جات منعقد کرنے پر انہوں نے منتظمین کومبارکباد دی۔

برادر حافظ محمدحمادالدین سکریٹری ایس آئی او حیدرآبادنے اپنی تقریرمیں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر شئے کا جوڑا بنایاہے اسی طرح دنیا کے مقابلے میں آخرت بھی تیاررکھی گئی ہے۔ جس کی ہمیں اسی دنیا میں تیاری کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی تخلیق کا مقصد صرف اللہ تعالیٰ کی عبادت ہے۔لہٰذا ہم اللہ کی عبادت کرتے ہوئے زندگی گذاریں۔ اپنی تقریرمیں انہوں نے نوجوان صحابہ کرام کی زندگی کی مثالیں دیں کہ کس طرح ان صحابہؓ نے اپنی جوانیوں کواللہ کے دین کی راہ میں لگادیا۔ خصوصاً حضرت مصعب بن عمیرؓ نے اپنی عیش وعشرت کی زندگی کو قربان کرکے اللہ کے دین کے قیام کیلئے جدوجہد کی۔

برادر حماد الدین نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم طلباء ونوجوان اپنی زندگی کے مقصد کو سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی او کا مقصد صالح نوجوانوں کوتیارکرناہے جو قوم وملت کا سرمایہ ہیں۔ جلسہ تقسیم اسناد میں مقامی کونسلرس جناب مرزا سلیم بیگ، ریاست نگر، اعظم شریف للیتا باغ، شفاعت علی کرما گوڑہ، واسع الدین رین بازار کے علاوہ محمدکلیم الدین ناظم ڈویژن جماعت اسلامی ہندرین بازارودیگر بھی موجود تھے۔

مرزا سلیم بیگ سینئرمجلسی قائدومقامی کارپوریٹر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم اور اخلاق یہ دوبنیادی چیزیں ہر انسان کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے خواتین ماں اور بہنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ آج شہر میں معمولی معمولی باتوں پر قتل کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔ یہ دراصل ہماری دین سے دوری وغفلت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائیں اپنے بچوں کی بچپن ہی سے صحیح تربیت کریں گی تب ہی وہ آگے چل کر صالح نوجوان بن سکتے ہیں۔

پروگرام کے اختتام پر تمام کامیاب طلباء میں اسنادات وانعامات تقسیم کئے گئے۔ ماسٹر حسن البناکوکوئز مقابلہ میں انعام اوّل حاصل ہوا۔ برادر عبدالشکور‘ برادر اسراراحمد نے بھی جلسہ کو مخاطب کیا۔ محمدبشیر احمد رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہندیاقوت پورہ کی تذکیرودُعاپرجلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔ برادر سعود احمد شیراز (سکریٹری ایس آئی اویاقوت پورہ)، برادر محمدعبدالعظیم، برادر محمدفیضان الدین، برادر محمدفرقان وممبران ایس آئی اونے انتظامات میں حصہ لیا۔برادرعثمان اور برادرفرحان نے پروگرام کی نظامت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!