ترکی میں 10 ممالک کے سفیر ’ناپسندیدہ شخص‘ قرار
انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے امریکہ، جرمنی اور فرانس سمیت 10 ممالک کے سفیروں کو ‘ناپسندیدہ شخص’ قرار دینے کا حکم دیا ہے۔ ان سفیروں نے سماجی کارکن عثمان کوالہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ عثمان 4 سال سے بغاوت کی کوشش اور مظاہروں کے الزام میں جیل میں بند ہیں تاہم اُنھیں اب تک مجرم نہیں پایا گیا ہے۔ سفارتی اعتبار سے ‘ناپسندیدہ شخص’ کا مطلب ہے کہ اُن کی سفارتی حیثیت ختم ہو سکتی ہے اور اکثر اس کا نتیجہ ملک بدری کی صورت میں نکلتا ہے اور اُنھیں مزید سفیر تسلیم نہیں کیا جاتا۔
رواں ہفتے امریکہ، کینیڈا، فرانس، فن لینڈ، ڈینمارک، جرمنی، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، ناروے اور سویڈن نے سماجی کارکن کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ ان میں سے 7 ممالک ترکی کے نیٹو اتحادی ہیں۔
یورپ میں انسانی حقوق کے مرکزی ادارے کونسل آف یورپ نے ترکی کو وارننگ دی ہے کہ وہ یورپی عدالت برائے انسانی حقوق کے عثمان کوالہ کی رہائی کے حکم کی تکمیل کرے، مگر سنیچر کو ایک عوامی مجمعے سے خطاب کرتے ہوئے اردوغان کا کہنا تھا کہ سفیر ‘ترک وزارتِ خارجہ آ کر حکم دینے کی جرات نہیں کر سکتے۔ اُنھوں نے کہا: ‘میں نے ہمارے وزیرِ خارجہ کو ضروری حکم دے دیا تھا کہ کیا کرنا چاہیے۔ ان 10 سفیروں کو فوراً ناپسندیدہ شخص قرار دینا ہوگا۔