بیدرضلع بیدر سے

کاروان ادب و مرکزی رحمت عالم کمیٹی بیدر کاجلسہ جشن عید میلاد النبیؐ، مولانا احمد غوری نقشبندی کا خطاب

بیدر:22/اکٹوبر(اے ایس ایم) کائنات کی تمام محبتوں کو حضوراقدسؐ پر نچھاور کردینے کا نام محبت رسول ہے۔ صحابہ کرام کے دل میں اس قدر نبی ؐ محترم کی محبت تھی کہ ہم مٹ جائیں گے مرجائیں گے لیکن رسولؐ کو کچھ ہونے نہیں دیں گے۔ اللہ خود اپنے محبوب ﷺ سے محبت کرتاہے اور ان کی آل سے بھی محبت کرتاہے اتنا ہی نہیں بلکہ ان کے چاہنے والوں سے بھی محبت کرتاہے۔ان نورانی حقائق کا اظہار مولانامفتی احمد غوری نقشبندی اُستاد جامعہ نظامیہ حیدرآباد نے مدرسہ حضرت محمود گاواں ؒبیدر میں کاروان ادب و مرکزی رحمت عالم کمیٹی بیدر کے زیر اہتمام جناب اختر محی الدین کی نگرانی میں منعقدہ 16واں جلسہ جشن عید میلاد النبیؐ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔

مولانا نے کہاحضور ؐ ایک ایسے وقت دنیا میں تشریف لائے جب کہ ہر طرف جہالت ہی جہالت تھی۔ اللہ کا کرم ہے کہ اُس نے ہم کو ماں کے پیٹ کے اندر ہمارے جسم کے مکمل آعضاء بنایا۔آنکھ، زبان، ہاتھ، پیر غرض یہ کہ انسان کو مکمل انسان بناکر پیدا کیا۔ ہم ایک بیچ کو زمین کے اندر داخل کرسکتے ہیں پانی پہو نچا سکتے ہیں لیکن زمین کے اندرسے اناج نہیں نکال سکتے۔ اللہ سبحانہ تعالیٰ کی قدرت پر ہر چیز پر قادر ہے۔ مولانا نے بتایا کہ پیارے نبی کی میلاد کی مجلس منعقد کرنے کامقصد یہ ہے کہ ہم میں نیا انقلاب آجائے۔اللہ رب العزت نے حضور نبی کریم رسول عربی کا نام محمد ؐرکھا جس کے معنی ہیں کائنات میں جس کی سب سے زیادہ تعریف ہو اور تمام عیوب سے پاک و صاف فرماکر تمام انعامات و اکرامات سے مالا مال فرماکر عالم جہاں میں ایک مکمل انسانیت کے پیکر سراپائے معجزات کو اس دنیا میں بھیجا جن کی آمد کی اطلاع تمام انبیاء نبینا علیہ اصلوۃ والسلام نے دی کہ ہمارے بعد ایک رسول آنے والے ہیں جن کا نام احمد ہے کیونکہ سرکار مدینہ کا نام آسمانوں میں احمد اور زمین پر محمد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تمام انبیاء کرام کو کسی ایک خطہ، ایک علاقہ کی حد تک ہی دنیا میں بھیجا۔ لیکن حضور ؐ کو اللہ نے سراپا معجزہ بنا کر تمام کائنات کیلئے بندوں کی ہدا یت کے لیے بھیجا۔انہوں نے کہا حضورؐ فرماتے ہیں کہ غربت لوگوں کو کفر تک پہونچاتی ہے غربت کو دور کرنے کی کوشش کرنا گویا اسلام کو پھیلانا ہے۔سرمایہ دار لوگوں کو چاہیئے کہ وہ اپنا دست دراز فرمائے۔ حضورؐ فر ماتے ہیں کہ خرچ میں اعتدال بہترین اسلام ہے۔ صبح کے وقت کا سونا رزق کو روکتاہے۔ حضور ؐ فرماتے ہیں کہ ائے اللہ میری اُمت کے صبح کے جاگنے میں برکت عطافرما۔ حضور ؐ فرماتے ہیں کہ سچا اور امانت دار تاجر قیامت کے دن میرے ساتھ اُٹھا یا جائیگا۔حضور فرماتے ہیں کہ جن کے پاس سب کچھ ہے اور جن کے پاس نہیں ہے ضرورت مندوں کیلئے اپنا دست دراز فرمائیں۔انہوں نے معاشی نظام کے مختلف پہلوں پر زائد از 2 گھنٹے خطا ب فرمایا۔

مولانا مفتی محمد خواجہ معین الدین نظامی ناظم معھد انوارالقرآن، مولانا مفتی محمد فیاض الدین نظامی صدر نائب قاضی دارالقضائت بیدر، الحاج سید منصور احمد قادری انجنئیرصدر مجلس بیدر، محمد فراست علی ایڈوکیٹ صدر کاروان ادب و مرکزی رحمت عالم کمیٹی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپؐ اولین و آخرین اور ختم المرسلین بن کر آئے۔ ہر ہر نبی کے ماں باپ بڑے فضیلت والے ہیں نہ صرف مومن ہیں بلکہ مومن بنانے والے ہیں۔ تما م آسمانی کتابوں پر ایمان رکھنا ضروری ہے لیکن قرآن مجید پر ایمان وعمل کرنا ضروری ہے۔ قرآن مجید کی ذمہ داری خود اللہ تعالیٰ نے لی ہے۔ ان علمائے دین و مقریرین نے شجرہ محمدی ؐ کے مکمل آسمائے گرامی کو تفصیل سے بتاتے ہوئے زائد از دیڑھ گھنٹہ خطاب فرمایا۔

حافظ و قادری محمد اسمٰعیل نے قرأت کلام فرمائی، الحاج سید صغیر احمد، الحاج محمدشفیع الدین،و دیگر نے نعت رسول ؐ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔مجلس استقبالیہ کی نگرانی میں بہترین انتظامات کئے گئے تھے۔محمد فراست علی ایڈوکیٹ نے اسقبالیہ خطاب کیا۔ منصور احمد قادری انجنئیر نے نظامت کے فرائض بحسن خوبی انجام دیئے۔ محمد عبدالصمد منجو والانے اظہار تشکر کیا۔ عہدیداران ارکان مجلس استقبالیہ، کاروان ادب و مرکزی رحمت عالم کمیٹی نے تمام مہمانوں کا استقبال اور اظہار تشکر کیا۔ رات دیر گئے سلام فاتحہ و دعائے سلامتی کے بعد نورانی محافل تکمیل پذیر ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!