نوٹری دستاویزات کو ریگولرائزڈ کرنے کی حکومت سے اپیل
حیدرآباد:18/اکٹوبر (پی آر) آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیر اسوسی ایشن کے قومی صدرمحمد رفیق، بانی جہانگیر پاشاہ اور نیشنل سکریٹری محمد رمضان علی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہحکومت کی جانب سے عوام کی فلاح وبہبود کے دعوے کیے جاتے ہیں لیکن گزشتہ چند سالوں سے نوٹری دستاویزات رکھنے والوں کی پریشانی میں کوئی کمی نہیں ہورہی ہے۔ ان کے دستاویزات کو ریگولرائز کرنے کی بات کی جارہی ہے اس کے باوجود اس پر کوئی عمل آوری نہیں کی گئی ہے۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے فلورلیڈراکبر الدین اویسی نے ریاستی اسمبلی میں گزشتہ دنوں بتایا کہ نوٹری ڈاکیومنٹ رکھنے والے پریشان ہیں۔ نوٹری ڈاکیومنٹ رکھنے والے افراد نااپنے گھر کو بیچ سکتے ہیں اور نا اس کا رجسٹریشن ہورہا ہے۔ نوٹرائزڈاکیومنٹ پر نئے گھربنانے کے لیے اجازت طلب کی جارہی ہے لیکن اسے اجازت بھی نہیں دی جارہی ہے۔ پانچ سال سے اگر کوئی نوٹری ڈاکیومنٹ کے ساتھ رہ رہا ہوتو اسے ریگولارائز کرنا چاہئے۔ دو سال پہلے نوٹری ڈاکیومنٹ کو رجسٹری ٹریٹ کرنے کی بات اسمبلی میں کی گئی تھی لیکن اس پر ابھی تک عمل آوری نہیں کی گئی۔دھرانی پورٹل بننے کے بعد سے نوٹری ڈاکیومنٹ رکھنے والے پریشان ہیں۔
عظیم تر بلدیہ حیدرآباد (جی ایچ ایم) میں 8 لاکھ پراپرٹیز کے پاس اسسٹمنٹ نہیں ہے۔ اگر تین ہزار روپے میں ان کو اسسٹمنٹ دیا جاتا ہے تو بلدیہ کو تقریباً 250کروڑ کے قریب آمدنی ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ رجسٹری کروانے پر اس کے پیسے الگ آئیں گے اور پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی سے بھی حکومت کو آمدنی حاصل ہوگی۔ بلڈنگ ریگولائریشن بھی پینڈنگ ہے اسے بھی ریگولرائز کرنا چاہئے۔
آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیر اسوسی ایشن کے قومی صدرمحمد رفیق نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اس جانب توجہ دے۔ حکومت کی جانب سے بارہا اس بات کی طمانیت دی گئی کہ وہ اس جانب توجہ دیں گے لیکن ابھی تک کچھ بھی نہیں ہوا۔ اب حکومت متعلقہ محکمہ کو اس کی ہدایت دے اور وزیراعلیٰ کے سی آر اپنی خصوصی توجہ دیتے ہوئے اس مسئلہ کو حل کریں تاکہ لاکھوں نوٹری دستاویزات رکھنے والے افراد کواس سے فائدہ اور ان کی مشکلات میں کمی آئے