یواے ای اور اسرائیل کے درمیان اقتصادی تعلقات اور سیاحت میں تعاون کے فروغ پراتفاق
دونوں فریقوں نے مختلف شعبوں میں کاروباری مواقع میں مزید اضافے، غیرتیل تجارتی تبادلے میں تیزی لانے اور وبا کے بعد کے مرحلے میں دو طرفہ سرمایہ کاری کو متنوع بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا ہے
متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے انٹرپرینیورشپ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) احمد بالہول الفلاسی نے دبئی ایکسپو 2020 میں اسرائیلی پویلین کے افتتاح کے موقع پر صہیونی وزیر سیاحت یوئل رازفزوف سے ملاقات کی اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق دونوں فریقوں نے مختلف شعبوں میں کاروباری مواقع میں مزید اضافے، غیرتیل تجارتی تبادلے میں تیزی لانے اور وبا کے بعد کے مرحلے میں دو طرفہ سرمایہ کاری کو متنوع بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
الفلاسی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے تعلقات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ہم آنے والے عرصے میں ان کے مزید فروغ کے لیے پُرعزم ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ دبئی ایکسپو2020 کا عالمی میلہ اسرائیل کے کاروباری اداروں کو دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے فائدہ اٹھانے کا ایک قیمتی موقع مہیا کرتا ہے۔
وام کے مطابق معاہدہ ابراہیم پر دست خط کے بعد پہلے سال کے دوران میں متحدہ عرب امارات اوراسرائیل کے درمیان تیل کے سوا دوسرے شعبوں میں 70 کروڑڈالرمالیت کا کاروبار ہوا ہے۔
اماراتی وزیرکا کہنا تھا کہ یواے ای میں سیاحتی مقامات اور ہوٹلوں کاگذشتہ کچھ عرصے کے دوران میں دنیا بھرسے بڑی تعداد میں سیاحوں نے رُخ کیا ہے اور انھوں سب سے زیادہ وزٹ کیے جانے والے دس سیاحتی مقامات میں کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔
رازفزوف کا کہنا تھا کہ:’’ہم معاہدۂ ابراہیم پردست خط کی پہلی سالگرہ کے موقع پردونوں ممالک کی جانب سے بالخصوص سیاحتی سطح پرگذشتہ عرصے کے دوران میں حاصل شدہ متاثرکن کامیابی کی تصدیق کرتے ہیں۔‘‘
انھوں نے مزید کہاکہ کرونا وائرس کی وبا سے وابستہ نقل وحرکت کی پابندیوں کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان سیاحوں کے تبادلے میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اورگذشتہ ایک سال کے دوران میں قریباً ڈھائی لاکھ اسرائیلی سیاحوں نے متحدہ عرب امارات کا رُخ کیا ہے۔
انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے وقت میں سیاحت کے شعبے میں تعاون میں مزید اضافہ ہوگا اور یہ شعبہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کی ترقی میں بنیادی کردارادا کرے گا۔