بیدر: جماعت اسلامی کی 10/روزہ سیرت مہم کا آغاز، محمد ﷺ کے پیغام اور تعلیمات کوعام کرنا اہم مقصد
ریاست بھر میں 10/روزہ سیرت مہم 17تا 26 اکتوبر2021 کا مرکزی موضوع “حضرت محمد ﷺ بہترین نمونہ” ہوگا۔ دوران مہم انفرادی ملاقاتیں اور لٹریچر کی تقسیم اہم کام میں شامل ہیں۔
بیدر: 16/اکٹوبر (پی آر) میڈیا کوآرڈینیٹر جماعت اسلامی ہندشہر بیدر محمد نجیب الدین کے بموجب “حضرت محمد ﷺ بہترین نمونہ” مرکزی موضوع کے تحت 10/روزہ سیرت مہم 17تا 26 اکتوبر2021 جماعت اسلامی ہند کرناٹکا کی ریاست بھر میں 10 روزہ سیرت ﷺ مہم کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ دورانِ مہم انفرادی ملاقاتیں اور لٹریچر کی تقسیم اہم کام میں شامل ہیں۔ مہم کے دوران تمام وابستگانِ جماعت مرد و خواتین برادران وطن میں محمد ﷺ کی سیرت، شخصیت، پیغام اور تعلیمات پر مشتمل لٹریچر کی بڑے پیمانے پر تقسیم کریں گے۔ شہر کے مختلف محلہ جات میں پیغام رسول اللہ ﷺ سے متعلق پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔ مذکورہ بالا تفصیلات امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شہر بیدر انجینئر سید عبدالستار اور ناظم سیرت مہم محمد نظام الدین نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتائی۔
انجینئر سید عبدالستار نے بتایا کہ ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے جماعت اسلامی ہند برادران وطن میں حضور ﷺ کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے، اسی سلسلے کی ایک کڑی یہ 10 روزہ مہم ہے، جو شہر بیدر کے ساتھ ساتھ ریاست بھر میں منائی جارہی ہے۔ اس مہم کے ذریعے حضرت محمد ﷺ کی سیرت اور پیغام کوعام کرنے کی کوشش کی جائیگی۔ چونکہ حضرت محمد ﷺ صرف مسلمانوں کے نبی ﷺ نہیں ہیں، بلکہ آپ ﷺ ساری انسانیت کے لئے نجات دہندہ ہیں۔ اس لیے آپ کا پیغام صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ دنیا میں بسنے والے ہرانسان کے لئے ہے۔ تمام اہل ایمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ برادرانِ وطن تک آخری نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور پیغام کو پہنچائیں۔ اس کاذ کے لیے کی جانے والی جدوجہد میں بحیثیت مسلمان ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا نمایاں رول اور کردار ادا کریں۔
محمد نظام الدین ناظم مہم نے مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ کووڈ-19 قواعد کے پیشِ نظربھی بڑے پروگرامس نہیں ہوں گے، البتہ محلہ واری چھوٹے چھوٹے پروگرامس، گروپ میٹنگس، خدمت کے مختلف کام سرانجام دیے جارہے ہیں، خصوصیت کے ساتھ انفرادی ملاقاتوں میں سیرت سے متعلق کتابچے اور فولڈرز کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا جائے گا۔ سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے سیرت ﷺ کے پیغامات کو زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچانے کی منظم کوشش کی جائے گی۔ ادارہٴ ادب اسلامی جماعت اسلامی ہند بیدر کی جانب سے ایک ہمہ لسانی نعتیہ مشاعرے کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مہم کے دوران کم از کم تین دن پاکی اور صفائی کی اہمیت کے عنوان پر محلہ واری عملی سرگرمیاں انجام دیے جائیں گے۔
ناظم مہم نے مزید بتایا کہ اسپتال میں شریک مریضوں کی عیادت وغیرہ جیسے سماجی پروگرام کا اہتمام بھی اس مہم کے دوران کیا جائے گا۔ مختلف شعبوں میں کام کرنے والے احباب کے ساتھ خصوصی طور الگ الگ نشستیں منعقد کی جائیں گی، جن میں ڈاکٹرز، انجینئرز، اساتذہ، افسران، تاجرین اور دیگر پروفیشنلز سے منسلک افراد کے لئے خصوصی نشستوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ مہم کے دوران ڈیجیٹل پوسٹرز کو عام کرنے کے لیے بھی کوشش کی جائے گی۔
اس موقع پر امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شہر بیدر انجینئرسید عبدالستار اور ناظم مہم محمد نظام الدین نے وابستگانِ جماعت کے علاوہ تمام مسلمانوں سے برادران وطن تک کنڑی اورانگریزی زبان میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت سے متعلق کتابیں اور لٹریچر پہنچانے اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لے کر مہم کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔