بنگلورو میں بارش سے برا حال، انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر جمع پانی سے مسافر پریشان
بنگلورو واقع کمپیگوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈے میں لگاتار ہو رہی بارش سے آبی جماؤ کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے، اس سے بین الاقوامی مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
بنگلورو کے کمپیگوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈے (کے آئی اے ایل) میں لگاتار ہو رہی بارش سے آبی جماؤ کا مسئلہ پیدا ہو گیا، جس سے بین الاقوامی مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ پیر کے روز ہوائی اڈہ احاطہ ایک ’ٹاؤن بس اسٹینڈ‘ میں بدل گیا، کیونکہ بین الاقوامی مسافروں کو ٹرمینل تک پہنچانے والے مقامی افراد مختلف ائیر پورٹ ٹرمینل کا اعلان کرتے پائے گئے۔
زبردست بارش کے سبب ہوائی اڈے کے ٹرمینل کے پاس گھٹنے تک پانی بھر جانے سے مسافروں کو کافی پریشانی ہوئی، کیونکہ ٹیکسی گھنٹوں تک پھنسی رہی اور ان میں سے کچھ بند ہو گئیں۔ کے آئی اے ایل احاطہ میں سینکڑوں کیب بارش کے پانی میں جزوی طور سے ڈوبی رہیں، جس کے بعد ان میں تکنیکی خرابی آ گئی۔
ہوائی اڈہ ٹرمینل کے سفر کے لیے اپنے سامان کے ساتھ ٹریکٹر پر سوار بین الاقوامی مسافروں کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل ہو گئی ہیں۔ حالانکہ پولیس محکمہ سمیت افسران نے پیر کی نصف شب تک حالات پر قابو پا لیا۔ سی کے بابا، ڈی سی پی (نارتھ ایسٹ ڈویژن) نے بتایا کہ ’’پولیس محکمہ، کے آئی اے ایل میں ہوائی اڈے کے افسران کے ساتھ، آبی جماؤ کو دور کرنے میں مدد کی اور دیر رات تک ٹول گیٹ کے پاس مسافر کی سہولت مہیا کرائی۔‘‘
انھوں نے کہا کہ پانی کو باہر نکالنے کے لیے پمپنگ مشینوں کا استعمال کیا گیا اور سبھی سینئر افسر ہوائی اڈہ احاطہ میں حالات کے مینجمنٹ اور نگرانی کرنے کے لیے موجود تھے۔ سجیت ویجے، ڈی سی پی ٹریفک (نارتھ ڈویژن) نے کہا کہ انھوں نے منگل کی صبح حالات کا جائزہ لیا اور پانی کو نکال دیا گیا ہے۔
ہوائی اڈہ افسران نے کہا کہ ٹرمینل کے پاس کا پانی نکال دیا گیا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ کے آئی اے ایل احاطہ میں نمّا میٹرو کے چل رہے کام اور دیگر ترقیاتی سرگرمیوں کے سبب آبی جماؤ ہوا۔ حالانکہ محکمہ موسمیات نے تنبیہ جاری کی ہے کہ ریاستی راجدھانی بنگلورو میں لگاتار بارش جاری رہے گی اور ہوائی اڈہ افسران حالات کو سنبھالنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
اس درمیان زبردست بارش سے پورا سلیکان شہر متاثر ہوا، کیونکہ کئی علاقوں میں گھروں میں پانی بھر گیا۔ محکمہ موسمیات نے تنبیہ جاری کی ہے کہ بنگلورو اور بنگلورو دیہی ضلعوں سمیت کرناٹک ریاست کے 18 اضلاع میں زبردست بارش ہوگی۔ بیشتر اضلاع میں تالاب بھرے ہوئے ہیں اور کئی اضلاع کے لوگ سیلاب کے خطرے کا سامنا کر رہے ہیں۔