پرینکا گاندھی پھر لکھیم پور کیلئے روانہ، شہید کسانوں کے ’انتم ارداس‘ میں شرکت کریں گی
سنیوکت کسان مورچہ نے منگل کو ’یومِ کسان شہید‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش کے تکونیا میں کل لکھیم پور کھیری تشدد کے شہیدوں کا آخری ارداس ہوگا۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی لکھنؤ ائیر پورٹ سے لکھیم پور کھیری کے لئے روانہ ہو گئی ہیں۔ وہ لکھیم پور کھیری میں ہوئے تشدد میں جان گنوانے والے کسانوں کے لئے دعائیہ اجلاس میں شریک ہوں گی۔ واضح رہے سنیوکت کسان مورچہ نے منگل کو ’یومِ کسان شہید‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش کے تکونیا میں کل لکھیم پور کھیری تشدد کے شہیدوں کا آخری ارداس ہوگا۔
کسان مورچہ نے ایک پریس بیان میں کہا تھا کہ ’’تکونیا میں دعائیہ جلسہ میں ہزاروں کسانوں کے شامل ہونے کی امید ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کی برخاستگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ غیر جانبدارانہ جانچ کے لیے یہ ضروری ہے۔
اس سلسلے میں انھوں نے ایک ٹوئٹ بھی کیا تھا جس میں لکھا تھا ’’وزیر کا بیٹا کسانوں کے قتل کے الزام میں گرفتار۔ کیا اب بھی وزیر کو اپنے عہدہ پر برقرار رہنے کا حق ہے؟ غیر جانبدارانہ جانچ اور انصاف کے لیے مرکزی وزیر کی برخاستگی ضروری ہے۔‘‘ ٹوئٹ کے آخر میں پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے یہ بھی گزارش کی تھی کہ وہ اپنے وزیر کو تحفظ فراہم کرنا بند کریں۔