کورونا سے موت پر درخواست دینے کے 30 دن میں 50 ہزار روپے ادا کیے جائیں: سپریم کورٹ
عدالت عظمیٰ نے کہا کہ معاوضہ کے لیے دعویٰ کیے جانے کے 30 دن کے اندر ادائیگی ہوگی، اور یہ معاوضہ ریاست کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ فنڈ سے دیئے جائیں گے۔
نئی دہلی: 5/اکٹوبر- کورونا سے ہونے والی اموات پر معاوضہ کو لے کر سپریم کورٹ نے آج 50 ہزار روپے ادائیگی سے متعلق حکم کو منظوری دے دی۔ مرکزی حکومت نے گزشتہ دنوں اعلان کیا تھا کہ کورونا سے ہونے والی موت کے بعد اہل خانہ کو 50 ہزار روپے ریاستی حکومت ادا کرے گی۔ سپریم کورٹ نے اس تعلق سے کہا کہ مہلوک کے گھر والوں کو ملنے والا یہ معاوضہ دوسرے فلاحی منصوبوں سے الگ ہوگا۔
ساتھ ہی عدالت عظمیٰ نے یہ بھی ہدایت دی کہ معاوضہ کے لیے دعویٰ کیے جانے کے 30 دن کے اندر یہ ادائیگی ہوگی۔ یہ معاوضہ ریاست کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ فنڈ سے دیئے جائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 23 ستمبر کو سپریم کورٹ کے جسٹس ایم آر شاہ اور اے ایس بوپنّا کی بنچ نے اس معاملے میں حکم کو محفوظ رکھا تھا۔ اس دن مرکز نے ہر موت کے لیے 50 ہزار روپے معاوضہ طے کرنے کی جانکاری عدالت کو دی تھی۔ کورٹ نے اس پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشکل حالات میں ہندوستان جو کر پایا، ویسا دوسرا کوئی ملک نہیں کر سکا۔ یہ خوشی کی بات ہے کہ جن لوگوں نے تکلیف برداشت کی، ان کے آنسو پونچھنے کے لیے کچھ کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 30 جون کو دیئے حکم میں سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ملک میں کورونا سے ہوئی ہر موت کے لیے معاوضہ دیا جانا چاہیے۔ حالانکہ عدالت نے معاوضہ کی رقم کے تعلق سے فیصلہ حکومت پر ہی چھوڑ دیا تھا۔ اس وقت سپریم کورٹ نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سے کہا تھا کہ وہ 6 ہفتے میں معاوضے کی رقم طے کر ریاستوں کو مطلع کرے۔
این ڈی اے ایم نے بعد میں عدالت سے اضافی وقت طلب کیا تھا۔ عدالت کے فیصلے کے تقریباً 12 ہفتے بعد اس نے معاوضہ کے تعلق سے فیصلہ لیا۔ اسے اب عدالت نے رسمی طور پر منظوری دے دی ہے۔