محمد عبد اللہ جاوید کی تصنیف کردہ کتاب تفسیر”العروۃ الوثقیٰ“ کا رسم اجراء
اس کتاب میں 45 مختلف تفاسیر کی روشنی میں قرآن مجید کی منتخب آیات کی تشریح کے علاوہ نکات برائے غوروفکر اور نکات برائے عمل بھی درج کئے گئے ہیں تاکہ قرآنی فکر کے فروغ کے ساتھ عمل کی بھی ترغیب ملے
بیدر: 4/اکٹوبر(وائی آر) شہر رائچور کے غالب میموریل ٹرسٹ کی جانب سے تفسیرکی کتاب”العروۃ الوثقیٰ“ کی رسم اجراء کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس تفسیر میں قرآن مجید کی منتخب آیات کی تشریح 45 تفاسیر کی مدد سے کے گئی ہے جن میں 40 عربی اور 5 اردو تفاسیر شامل ہیں۔رسم اجر مولانا محمد جعفر پاشاہ عاقل ثانی امیر امارت اسلامیہ، حیدر آباد کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد جعفر پاشاہ عاقل ثانی امیر امارت اسلامیہ، حیدر آباد نے مطالعہ قرآن کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ میرا جہاں بھی سفر ہوتا ہے، کوشش کرتا ہوں کہ مختلف مساجد میں نماز ادا کروں۔ اور خاص طور پر قرآن مجید کے اوپر سے چھو کر دیکھتا ہو کہ کہیں اس پر دھول تو نہیں جم گئی۔ دھول نہ جمے تو معلوم ہوتا ہے کہ مصلیان مسجد کا قرآن مجید سے تعلق ہے۔ اس کتاب ہدایت سے گہرا تعلق، اس کی گھر میں روزانہ تلاوت اور اس پر عمل سے ہماری دنیا اور آخرت سنوارتی ہے۔
مولانا ثانی عاقل صاحب دا مت برکاتہم نے قرآن و سنت کی روشنی میں بچوں کی تعلیم و تربیت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ والدین کے علاوہ سرپرست حضرات کو اس جانب خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ ملک و ملت کا شاندار مستقبل اسی صورت ممکن ہوسکتا ہے۔
مہمان خصوصی مولانا حافظ عبد الشکور صاحب، امام و خطیب مسجد ایک مینار نے قرآن مجید سے ہدایت حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کتاب سے ہمارے انفرادی اور اجتماعی معاملات کی ہدایت لازماً ملے گی شرط یہ ہے کہ اس میں ہدایت کوتلاش کیا جائے۔ ایک صحابی رسول صلی اللہ علیہ و سلم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ فرماتے کہ اگر میرے اونٹ کی رسی بھی گم ہوجائے تو میں اس کو قرآن مجید میں تلاش کروں گا۔
مولانا حافظ محمد نظام الدین رشادی صاحب، امام و خطیب مسجد فاطمہ نے قرآن مجید کی تلاوت اور اس کے مطابق عمل سے ملنے والی برکتوں اور فضیلتوں کا ذکر کیااور کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو بطور خاص قرآن مجید کو مستقل پڑھنے کی عادت بنا لینی چاہیے۔ آپ نے ہمارے اسلاف کے قرآن مجید سے گہرے شغف کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کا اوڑھنا بچھونا قرآن مجید ہوا کرتا تھا، اور وہ اپنے آپس کے معاملات کے لئے قرآن و سنت ہی کو راہنما سمجھتے تھے۔
کتاب کے مصنف محمد عبد اللہ جاوید نے قرآن و سنت سے مضبوط تعلق کو دنیا اور آخرت میں کامیابی اور سربلندی کا ذریعہ بتایا اور کہا کہ ان سے تعلق کمزور ہو تو ہماری ناکامی اور بے وزنی ہر جگہ محسوس ہوگی۔ آپ نے قرآن مجید پر غور و فکر کرنے، اس کے مطابق انفرادی اور اجتماعی طور پر عمل کرنے اور معاشرتی مسائل کو اس کتاب کی روشنی میں حل کرنے کی اہمیت و ضرورت پر سامعین کی توجہ مبذول کرائی۔
تفسیر کی اس ضخیم کتاب کی تصنیف کا پس منظر بیان کرتے ہوئے مصنف نے کہا کہ ملت کے افراد کو قرآن مجید سے وابستہ کرنے کے لئے اجتماعی مطالعہ قرآن کا اہتمام ہوا۔ اس کے فالو اپ کے طور پر جو تحریریں تیار ہوئیں، انہیں کو ایک نظم کے تحت کتابی شکل میں مرتب کیا گیا۔ اس میں قدیم وجدید تفاسیر کی مدد سے قرآنی آیات کی تشریح کے علاوہ نکات برائے غوروفکر اور نکات برائے عمل بھی درج کئے گئے ہیں تاکہ قرآنی فکر کے فروغ کے ساتھ عمل کی بھی ترغیب ملے۔
افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے صدر ٹرسٹ سید طارق حسن رضوی صاحب نے پروگرام کے انعقاد پر اللہ تعالی کا شکر ادا کیا اور اجلاس کی غرض وغایت پر روشنی ڈالی۔کہا کہ اس ٹرسٹ کے تحت فروغ اردو کے لئے مختلف النوع سرگرمیاں انجام دینے کے علاوہ علاقائی زبان کنڑا سکھانے پر بھی توجہ دی جاتی ہے۔ الحمد للہ ٹرسٹ کی عمارت کی تزئین کاری کے بعد کئی ایک نئے کام کا آغاز کیا گیا ہے۔ طلبہ و نوجوانوں کے لئے مسابقتی امتحانا ت وغیرہ کے لئے خصوصی کوچنگ اور راہنمائی کا اہتمام کیا جارہا ہے۔صدر ٹرسٹ نے کہا کہ ہم مستقبل قریب میں ان سرگرمیوں کو شہری سطح پرمزید وسعت دیں گے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو استفادہ کا موقع فراہم کریں گے۔
انجینئر ظہیر احمد صاحب نے تمام مہمانان کا تعارف کرایا اور سید آصف محی الدین صاحب نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔تقریب میں غالب میموریل ٹرسٹ کے ممبران اڈوکیٹ نور محمد صاحب‘ انور وحید منیارصاحب‘ ڈاکٹر عبد الرزاق استاد صاحب کے علاوہ شہر رائچورسے تعلق رکھنے والے علما ئے کرام، اساتذہ، تعلیمی اداروں اور تنظیموں کے ذمہ داران کے علاوہ دیگر معززین کی ایک بڑی تعداد شریک رہی۔
تمام مہمانان کو غالب میموریل ٹرسٹ کی جانب سے شال پوشی اور مومنٹو پیش کئے گئے۔عبد اللہ اقبال منیار صاحب‘ صدر سی ایم رائچور نے بھی مہمانوں کی شال اور گل پوشی کی۔ خواہش مند حضرات العروۃ الوثقیٰ ”کتاب کہانی اینٹرپرائزس“، نزد نوبل ہاسپٹل، نورنگ دروازہ روڈرائچور سے حاصل کرسکتے ہیں۔نمبر برائے رابطہ:88676 68522