وزیرمملکت اجے مشرا نے کہا، یہ میرے خلاف1 سازش اور میرا بیٹا وہاں موجود نہیں تھا، کسانوں کا الزام اجے مشرا کا بیٹا ہی چلا رہا تھا کار
لکھیم پور کھیری: صحافی رام کشیپ کی موت کے بعد کل کے تشدد میں مرنے والوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔ خبر کے مطابق لکھیم پور کھیری میں کل اس وقت تشدد پھیل گیا جب ایک ایس یو وی کار مبینہ طور پر زرعی قوانین کی مخالفت کر رہے 4 کسانوں کے اوپر چڑھ گئی۔
واضح رہے یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مرکزی وزیر مملکت اجے مشرا ٹینی اتر پردیش کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ کی ایک تقریب میں شرکت کر کے اپنے گھر واپس جا رہے تھے۔ کسانوں پر ایس یو وی کار کے چڑھنے کے مبینہ واقعہ کے بعد لوگوں نے وزیر مملکت کے قافلہ کی ایک گاڑی کو نذر آتش کر دیا۔ مرنے والوں میں چار کسان تھے جبکہ باقی چار لوگ وہ ہیں جو ان گاڑیوں میں سوار تھے۔
وزیر مملکت اجے مشرا ٹینی نے اس سارے معاملہ کو ان کے خلاف ایک سازش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ واقعہ کے وقت ان کا بیٹا وہاں موجود نہیں تھا۔ واضح رہے کسانوں کا یہ الزام ہے کہ اجے مشرا کا بیٹا ہی ایس یو وی چلا رہا تھا۔ ٹینی نے کہا ہے کہ ان کی اپنی گاڑی پر پتھراؤ ہوا جس کی وجہ ان کی گاڑی پلٹ گئی اور دو کسان اس کے نیچے آ گئے۔
واضح رہے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اس واقعہ کو افسوسناک قرار دیا ہے۔ اتر پردیش حکومت نے اس سارے معاملہ کی جانچ کرانے کے لئے کہا ہے اور اس معاملہ میں شامل سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے بھی کہا ہے۔