بھالکی میں یکم اکٹوبر کو جمعیت علماء کی جانب سے خون کا عطیہ کیمپ
بیدر:28ستمبر (وائی آر) مولانا محمدتصدق ندوی جنرل سیکریٹری جمعیت علماء بیدرکے بموجب سرکاری اسپتال بھالکی میں جمعیت علماء بھالکی کی جانب سے یکم اکٹوبر2021 ء بروز جمعہ صبح 10 /تا 5 /بجے شام ”خون کاعطیہ کیمپ“منعقد کیاجارہا ہے۔ اس موقع پر مولاناندوی نے بتایاکہ اللہ تعالیٰ نے ایک انسان کی جان بچانے کو پوری انسانیت کی جان بچانے کے برابر بتایا ہے۔ اورخون خدا تعالیٰ کی ایک ایسی انمول نعمت ہے جسکا دنیا میں کوئی بدل نہیں ہے۔
اس ترقی یافتہ دور میں بھی آج تک خون بنانے کی کوئی ایسی فیکٹری ایجاد نہیں ہوئی جو خون کی ایک بوند ہی تیار کر سکے۔ خون انسانی جسم کا ایک لازمی حصہ ہے،خون کا کوئی مذہب نہیں ہوتا وہ تو صرف انسانیت کی جان بچانے کے کام آتا ہے۔ کئی ایسے مریض ہیں جنھیں خون نہ ملنے کی وجہ سے وہ دواخانوں میں تڑپ تڑپ کر جان دے دیتے ہیں،ایسے ضرورت مندوں کی جان بچانے کے لئے خون کا عطیہ کرناایک عظیم خدمت خلق ہے اور آخرت کے لئے کیاجانے والا سودا ہے۔
مولانا تصدق ندوی نے بھالکی کے تمام نوجوانوں سے بلا تفریق مذہب وملت اپنے خون کا عطیہ کرنے کی درخواست کی ہے،جو نوجوان خون کا عطیہ دینا چاہتے ہیں ان سے کہاگیاہے کہ وہ مفتی اقبال احمد قاسمی صدر 8217628974 اور مولانا اختر پٹیل رشیدی جنرل سیکریٹری9923844053 سے رابطہ فرمائیں۔