کسانوں کو پورے ملک کی حمایت حاصل، زرعی قوانین واپس لے مودی حکومت: پرینکا گاندھی
لکھنؤ: نئے زرعی قوانین کی مخالفت میں کسان تنظیمی کے مشترکہ محاذ کی جانب سے اعلان کئے گئے بھارت بند کی حمایت کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے دعوی کیا کہ کاروباریوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے نافذ کئے گئے زرعی قوانین کی مخالفت میں کسانوں کو پورے ملک کی حمایت حاصل ہے۔ پرینکا واڈرا نے پیر کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا’ کھیت کسان کا، محنت کسان کی، فصل کسان کی لیکن بی جے پی حکومت ان پر اپنے کھرب پتی دوستوں کا قبضہ کرانے پر آمادہ ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ پورا ہندوستان کسانوں کے ساتھ ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کالے قانون کو واپس لیں۔ قابل ذکر ہے کہ متحدہ کسان مورچہ نے زرعی قوانین کی مخالفت میں آج بھارت بند کی اپیل کی ہے۔ مغر بی اترپردیش کے کچھ مقامات کو چھوڑ کر پوری ریاست میں بند کا کوئی خاص اثر دکھائی نہیں دے رہا ہے۔
25 سے زیادہ ریاستوں میں ’بھارت بند‘ رہا کامیاب: اشوک دھولے
اکھل بھارتیہ کسان سبھا کے سربراہ اشوک دھولے نے کسانوں کے ’بھارت بند‘ کو کامیاب قرار دیا ہے اور میڈیا سے بات چیت کے دوران انھوں نے کہا ہے کہ ’’بھارت بند کو گزشتہ کئی سالوں میں اتنی حمایت کبھی نہیں ملی تھی۔ 25 سے زیادہ ریاستوں میں بند کامیاب ہوا ہے۔ جب تک کسان مخالف قانون واپس نہیں لیے جاتے اور ایم ایس پی کی گارنٹی دینے والا مرکزی قانون نہ ہو، ہم تب تک جدوجہد کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘‘
تین نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے ’بھارت بند‘ کو بے پناہ حمایت: یوگیندر یادو
نئی دہلی: مرکزی حکومت کے تین زرعی قوانین کے خلاف متحدہ کسان مورچہ کی تحریک میں شامل سوراج انڈیا کے صدر یوگیندر یادو نے پیر کو کہا کہ آج کے بھارت بند کو بیشتر ریاستوں کی طرف سے بے پناہ حمایت ملی ہے، یوگیندر یادو نے کہا کہ کسان جگہ جگہ پرامن احتجاج کر کے اپنی آواز بلند کی ہے۔
ہمارا ‘بھارت بند’ کامیاب رہا، ہمیں کسانوں کی مکمل حمایت حاصل تھی: راکیش ٹکیت
بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت نے کہا کہ ’بھارت بند‘ مکمل طور پر کامیاب رہا۔ اب مستقبل کی حکمت عملی متحدہ کسان مورچہ بنائے گا۔
دگوجے سنگھ بھوپال کے کروند منڈی گیٹ پر کسانوں کی حمایت میں دھرنے پر بیٹھے
بھوپال: کانگریس کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی دگوجے سنگھ آج یہاں بھارت بند کے دوران کروند منڈی میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کے لیے پہنچے اور منڈی کے گیٹ پر اپنے حامیوں کے ساتھ دھرنے پر بیٹھ گئے۔ دگوجے سنگھ بھارت بند کے دوران منعقدہ پروگرام میں اپنے حامیوں کے ہمراہ شرکت کے لیے کروند منڈی آئے تھے، لیکن انہیں ضلع اور پولیس انتظامیہ نے اندر جانے کی اجازت نہیں دی، جس کی وجہ سے وہ منڈی گیٹ پر ہی اپنے حامیوں کے ساتھ دھرنے پر بیٹھ گئے۔ مرکزی حکومت کے تینوں زرعی قوانین کی مخالفت کرتے ہوئے کسانوں کی تنظیموں نے آج ایک روزہ بھارت بند کی کال دی ہے۔