جمعیت العلماء ہند کرناٹک کے انتخابات: مفتی افتخار قاسمی صدر اور 4علمائے کرام نائب صدور منتخب
گلبرگہ: 16/ستمبر- دارالعلوم شاہ ولی اللہ بنگلور کے دفتر جمعیت العلماء ہند بنگلور میں ریاستی صدر ودیگر عہدیداران کا انتخاب جمعیت العلماء ہند دہلی سے بحیثیت مشاہد تشریف لائے قومی جنرل سیکریٹری جمعیت العلماء ہند حضرت مولانا حکیم الدین قاسمی کی صدارت و نگرانی میں عمل میں آیا۔ مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی بلا مقابلہ اور کثرت رائے سے صدر منتخب ہوئے ریاست کرناٹک کیلئے حضرت مسلسل چھٹویں مرتبہ صدر منتخب ہوئے ہیں صدر کے علاوہ 4 نائب صدور کا بھی انتخاب عمل میں آیا ضلع گلبرگہ سے جمعیت العلماء ہند گلبرگہ کے صدر مفکر ملت مولانا شریف مظہری مسلسل تیسری مرتبہ ریاستی نائب صدر منتخب ہوئے۔
دیگر 3 اور نائب صدور میں مولانا مفتی زین العابدین رشادی مظہری بنگلور، مولانا محمد شاکر قاسمی بیجاپور، مولانا محمد طاہر قریشی رام نگر منتخب ہوئے ہیں۔ تفہیم اللہ معروف خازن اور مولانا محمد محسن شاہی قاسمی شریک خازن منتخب ہوئے، صدر جمعیت العلماء ہند ریاست کرناٹک مولانا افتخار احمد قاسمی نے مولانا مفتی شمس الدین بجلی قاسمی کو جمعیت العلماء ہند ریاست کرناٹک کا جنرل سکریٹری منتخب کیا۔ دیگر عہدیداران کے انتخابات کا متعاقب اعلان کیا جائے گا۔ انتخابات سے قبل تمام اضلاع سے جمعیت العلماء کے صدر وسکریٹریز نے اپنے اپنے اضلاع کی کارکردگی رپورٹ پیش کی ان میں ضلع گلبرگہ، بیلگام، داونگیرہ، بیدر، رام نگر، بیجاپور، بلاری، چتردرگہ، چکبلاپور، کاروار، چکمگلور، گدگ، شیموگہ، باگلکوٹ، کپل، گنگاوتی، ٹمکور، منڈیا، کولار، دھارواڑ اور بنگلور شامل ہیں۔
انتخابات کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے مولانا اکبر شریف صاحب شیخ الحدیث نے فرمایا کہ جمعیت العلماء ہند کو ہر سطح پر مسلسل مخلص افراد کا ملنا اکابرین کے اخلاص اور قربانیوں کا صلہ ہے اور کسی بھی تنظیم یا تحریک کے کامیاب اور متحرک رہنے کا بنیادی سبب ہے۔ جمعیت العلماء ہند کی یہ خاصیت ہے کہ وہ وقت کے اعتبار سے جو ترجیح ہوتی ہے وہ وہی کام کرتی ہے مولانا نے فرمایا کہ امت میں بہت باصلاحیت افراد ہیں بس ان صلاحیتوں کو استعمال کرنے کی ضرورت ہے اور جو افراد اس سے جڑے ہیں وہ اخلاص واتحاد سے کام کرتے رہیں۔ مولانا افتخار احمد قاسمی نے صدر منتخب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں فرمایا کہ آپ سب نے ایک مرتبہ پھر مجھے صدارت کی ذمہ داری دی ہے اور اس مرتبہ بھی میں آپ سب کے تعاون سے اس ذمہ داری کو انشاء اللہ نبھاؤں گا اضلاع کے ذمہ داروں کی محنتوں سے بھی کارکردگی بہترین ہوئی ہے ہم اسی اتحاد واتفاق سے کام کریں گے۔
جمعیت العلماء ہند دہلی سے بحیثیت مشاہدتشریف لائے قومی جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ ریاست کرناٹک میں جمعیت العلماء ہند فعال ہے اور بہت اچھی کارکردگی کررہی ہے ریاست بھر میں مقامی جمعیتوں کوبھی مضبوط ہوکر حوصلہ اور استقامت سے کام کرنا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ کشمیر سے کنیا کماری تک جمعیت العلماء کا ایک اجتماعی نظم ہے جمعیت سے وابستگی کام بھی ہے عبادت بھی ہے اور اس کا بنیادی مقصد اللہ کی رضا ہے۔ اللہ نے موقع دیا ہے تو کام کرنا ہے۔ ہماری زندگی کا بنیادی مقصد دعوت دین ہے 32اضلاع سے تقریباً 20ہزار افراد خدمات انجام دے رہے ہیں۔
مولانا نے کہا کہ اس وقت مکاتب کے نظام کو مضبوط اور منظم بنانے کی ضرورت ہے اور اس کو اتنا نفع بخش بنائیں کہ آج جو عوام اپنے بچوں کو انگلش میڈیم اسکولوں میں پڑھانے کی فکر وجستجو میں ہیں انہیں مکاتب میں بھیجنے کی بھی ایسی ہی فکر ہوجائے۔ خطاب کے آخر میں مولانا نئے منتخب صدر وعہدیداران کو مبارک باد پیش کی۔ اس جلسہ کی نظامت مولانا مفتی شمس الدین بجلی قاسمی نے فرمائی نظامت کے دوران مولانا نے فرمایا کہ اپنے اپنے مقامات پر محکمہ شرعیہ قائم کرنے کی فکر کریں اس سے امت کا وقت اور پیسہ ضائع ہونے سے بچ سکتا ہے اور وقار بھی مجروح نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ جمعیت یوتھ کلب میں بھی تمام اضلاع سے نمائندگی بڑھائیں، آخر میں حضرت مولانا حکیم الدین قاسمی کی دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔
اس کے بعد نو منتخب صدر مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی اور قومی جنرل سکریٹری جمعیت العلماء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی نے میڈیا اور پریس نمائندوں کو بھی تفصیلات سے واقف کروایا۔ ہر ضلع سے جمعیت العلماء کے عہدیداران نے شرکت کی اور انتخابی عمل میں حصہ لیا۔ گلبرگہ سے حضرت مولانا شریف مظہری صدر،حضرت مولانا اسماعیل قاسمی اورالحاج سید عبد المقیم سید بارے نائب صدر،حضرت مولانا اعجاز احمد قاسمی جنرل سکریٹری، حضرت مولانا الیاس مقتدر معاون سکریٹری،محترم محمد عبد الحلیم اطہر سہروردی شریک خازن ومیڈیا انچارج،مولانا محمد مزمل،مولانا مفتی محمد شبیر،حافظ محمد شبیر،حافظ محمد سلمان، حافظ محمد مدثراور مولانا جمیل الرحمن نے شرکت کی۔ (حلیم اطہر سہروردی کی خصوصی رپورٹ)