’پی ایم مودی کی پوری زندگی جھوٹ پر مبنی ہے، انھیں سچ سے ڈر لگتا ہے‘: راہول گاندھی
اکھل بھارتیہ مہیلا کانگریس کے یوم تاسیس پروگرام میں راہل گاندھی نے بی جے پی حکومت کو پرزور انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا، انھوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی کی پوری زندگی جھوٹ سے تعبیر ہے۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی آج دہلی میں اکھل بھارتیہ مہیلا کانگریس کے یوم تاسیس پروگرام میں شامل ہوئے۔ انھوں نے اس موقع پر اکھل بھارتیہ مہیلا کانگریس کے نئے لوگو کا اجراء بھی کیا۔ اس دوران کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی اور بی جے پی حکومت پر خوب حملہ کیا۔ انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی پوری زندگی جھوٹ پر مبنی ہے، یہی وجہ ہے کہ نریندر مودی کو سچ سے ڈر لگتا ہے۔
راہل گاندھی نے تقریب کے دوران کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے کمرے میں بیٹھے ہوئے ڈر کے مارے کانپتے رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مودی حکومت نے اس وقت سماج کے ہر طبقہ کو ڈرا کر رکھا ہوا ہے۔ کسان ڈرے ہوئے ہیں، خواتین ڈری ہوئی ہیں۔ ایسا اس لیے کیونکہ نریندر مودی نے ان کے گھروں سے لکشمی اور درگا کو باہر نکال دیا ہے۔
راہل گاندھی نے چین سے متعلق کارروائی کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ہزاروں کلو میٹر کی زمین ہضم کر لی، لیکن نریندر مودی چین سے ڈر کے مارے یہ کہتے رہے کہ سب ٹھیک ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’یہ خوف کی نشانی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’نریندر مودی ڈرتے ہیں، کیونکہ ان کی پوری زندگی ہی جھوٹ سے تعبیر ہے۔‘‘
کانگریس کی خاتون وِنگ کو خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’کانگریس نے ہمیشہ سے ہی خواتین کی خود مختاری پر زور دیا۔ لیکن آر ایس ایس یا بی جے پی کو خواتین کو مضبوط کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ایک خاتون کو وزیر اعظم بنایا، لیکن بی جے پی نے ایسا نہیں کیا۔
راہل گاندھی نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’مودی حکومت نے لکشمی کی شکتی اور درگا کی شکتی پر حملہ کیا ہے۔‘‘ انھوں نے الزام عائد کیا کہ ’’وہ (آر ایس ایس اور بی جے پی) خود کو ہندو پارٹی کہتے ہیں اور لکشمی جی اور ماں درگا پر حملہ کرتے ہیں۔ پھر کہتے ہیں کہ وہ ہندو ہیں۔ یہ لوگ جھوٹے ہندو ہیں۔ یہ لوگ ہندو نہیں ہیں۔ یہ ہندو مذہب کا استعمال کرتے ہیں۔‘‘
راہل گاندھی نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’اگر گزشتہ 100 یا 200 سال میں کسی ایک شخص نے ہندو مذہب کو سب سے اچھے طریقے سے سمجھا اور اپنی زندگی میں اتارا تو وہ مہاتما گاندھی ہیں۔ اسے ہم بھی مانتے ہیں اور آر ایس ایس و بی جے پی کے لوگ بھی مانتے ہیں۔ مہاتما گاندھی نے عدم تشدد کو سب سے اچھے طرح سے اپنے اندر اتارا۔ ہندو مذہب کی بنیاد عدم تشدد ہے۔ اس کے باوجود آر ایس ایس نظریہ رکھنے والوں کے ذریعہ مہاتما گاندھی کو گولی کیوں ماری گئی؟ اس بارے میں آپ کو سوچنا ہوگا۔‘‘ راہل گاندھی نے آخر میں واضح لفظوں میں کہا کہ وہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے نظریہ کے ساتھ کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔