سابعہ سیفی کی عصمت دری اور قتل کرنے والے مجرموں کوسخت سزا دی جائے: SDPI
نئی دہلی: 7/ستمبر (پی آر) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کے قومی صدر ایم کے فیضی نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں دہلی میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے ساتھ کام کرنے والی ایک 21 سالہ خاتون سول ڈیفنس افسرسابعہ سیفی کی عصمت دری اور قتل کو انتہائی خوفناک اور چونکادینے والا قرارد یکر اس کی سخت مذمت کی ہے اور قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 26/اگست کو پیش آیا تھا اورلاش برآمد ہونے کے بعد مقتول کے چہرے پر چاقو کے نشانات تھے اور اس کے دونوں پستان کاٹ دیئے تھے۔ شرم گاہ میں بھی چاقو کے نشانات پائے گئے تھے۔ متاثرہ کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ مقتول کو بہت سے خفیہ حقائق کو چھپانے کیلئے قتل کیا گیا ہے جس سے وہ واقف تھیں، جیسے ڈی ایم کے دفترکے بدعنوانی اور بدانتظامی اور ڈی ایم دفتر کے اندر ایک خفیہ لاک اپ جہاں روزانہ 3-4 لاکھ روپئے جمع کئے جاتے تھے۔ ایسا لگتا ہے کہ پولیس نے مقتول کے خاندان کے الزامات کو نظر انداز کردیا ہے اور وہ مجرم کے اس بیان کے ساتھ کھڑی ہے جس نے اپنے بیان میں اعتراف کیا ہے کہ اس نے اس کے دوسرے مردوں کے ساتھ ناجائز تعلقات کیلئے اسے قتل کیا تھا اور مقتول اس کی بیوی تھی۔
جب سے فاشسٹوں نے مرکزمیں اقتدار سنبھالا ہے بھارت میں اور خاص طور پر دہلی اور اترپردیش میں خواتین کی عفت و حرمت اور سلامتی خطرے میں ہے۔ عصمت دری اور قتل ایک خاص گروہ کا معمول بن گیا ہے کیونکہ اس گھناؤنے جرم کے مجرموں کو عبرت ناک سزا دینے کے بجائے حکومت اور حکام سے مدد ملتی ہے۔ عصمت دری کرنے والوں کے خلاف حکام کا سست رویے سے ان درندوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔
ایس ڈی پی آئی قومی صدر ایم کے فیضی نے پولیس کے موقف کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے اور قتل کے پیچھے کے اسرار سے پردہ اٹھایا جائے۔ دریں اثناء ایس ڈی پی آئی کے قومی رہنماؤں کے ایک وفد نے دہلی میں مقتول سابعہ سیفی کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں تسلی دی اور مجرموں کو سزا دلانے کیلئے قانونی لڑائی میں پارٹی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ وفد میں ایس ڈی آئی کے قومی نائب صدر دہلان باقوی، جنرل سکریٹریان عبدالمجید کے ایچ، الیاس محمد تمبے، قومی سکریٹری ڈاکٹر تسلیم احمد رحمانی اور مقامی ایس ڈی پی آئی رہنما شامل تھے۔