مہنگائی پر پرگیہ سنگھ کا حیران کرنے والا بیان، مہنگائی نہیں، کانگریس کا پروپیگنڈہ ہے
بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر نے عجیب و غریب بات کہی ہے کہ ملک میں مہنگائی نہیں ہے بلکہ یہ کانگریس کا پروپیگنڈہ ہے۔
متنازعہ شخصیت اور بھوپال سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر نے ایک مرتبہ پھر عجیب و غریب بیان دیا ہے۔ انہوں نے ملک میں مہنگائی کے تعلق سے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی نہیں ہے بلکہ یہ کانگریس کا پروپیگنڈہ یعنی غلط تشہیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ (کانگریس ارکان) صرف پروپیگنڈہ کرتے ہیں کہ ڈیزل مہنگا، پٹرول مہنگا، یہ مہنگائی اور کچھ نہیں کانگریس کی ذہنیت ہے، خالی پروپیگنڈہ ہے۔
پرگیہ ٹھاکر بھوپال میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں جس میں انہوں نے یہ بات کہی۔ اس موقع پر انہوں نے کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے دور میں آلودگی بہت زیادہ تھی اور اس کی بڑی وجہ اس دور میں شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ میں پرانی گاڑیاں چلائی جاتی تھیں، اس وقت چہرا صاف کرنے میں رومال کالا ہو جاتا تھا، کیونکہ آلودگی اتنی زیادہ ہوتی تھی۔
پرگیہ ٹھاکر کے بیان پر کانگریس کے ریاستی ترجمان نریندر سلوجا نے ٹوئٹ کر کے کہا ہے کہ ’’سیلاب کے لئے کانگریس ذمہ دار، مہنگائی کے لئے نہرو جی کی تقاریر ذمہ دار، مہنگائی سے تکلیف ہو تو افغانستان چلے جاؤ اور تو اور اب رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر کہہ رہی ہیں کہ مہنگائی کچھ نہیں ہے، یہ کانگریس کی ذہنیت کا پروپیگنڈہ ہے۔ جلدی ان تمام کو ذہنی علاج کے لئے اسپتال بھیجا جائے گا۔‘‘