طلبا ء کے تعلیمی تسلسل کو جاری رکھنے حکومتی سطح پر اقدامات ناگزیر
فیس معافی کیلئے آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیر اسوسی ایشن کے قومی صدر محمد رفیق کا حکومت سے مطالبہ
حیدرآباد:24 /اگست (پی آر) آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیر اسوسی ایشن کے قومی صدرمحمد رفیق اور بانی جہانگیر پاشاہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ کورونا کی وجہ سے ایک طرف جانی و مالی نقصان ہوا ہے تو دوسری تعلیمی میدان میں بھی بہت نقصان ہورہا ہے۔ کئی طلباء ڈراپ آوٹ کا شکار ہورہے ہیں۔ تعلیمی سلسلے کو منقطع کرتے ہوئے روزگار کی تلاش میں باہر نکل رہے ہیں۔ایسے میں حکومت کی جانب سے تعاون ناگزیر ہوگیا ہے۔
تعلیمی ادارے بند ہونے کی وجہ سے طلباء اسکول جاکر روایتی تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔ آن لائن تعلیم کے کئی مسائل ہیں جن سے طلبا ء جوجھ رہے ہیں۔ کورونا کی وجہ سے کئی طلباء کے والدین انتقال کرچکے ہیں۔ کئی طلباء کے والدین بے روزگار ہوچکے ہیں۔ بہت سے طلباء مالی و دیگرپریشانیوں سے دوچار ہیں۔ ایسے میں طلباء کی فیس معاف کرنا چاہئے۔
گزشتہ دنوں ایس آئی او بگدل کے ایک وفد نے بیدرساوٴتھ کے رکن اسمبلی بنڈپا قاسم پور سے ملاقات کرتے ہوئے کورونا کے دوران یتیم ہوئے بچوں کو اور وہ بچے جن کے والدین بے روزگار ہوگئے ہیں یا مالی بحران کا شکار ہیں ان کی سالانہ امتحانی فیس میں 50فیصد کی رعایت کی جائے۔
ایک خبر کے مطابق دہلی یونیورسٹی کورونا وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے اپنے والدین سے محروم ہونے والے طلبہ کی فیس کو معاف کرنے پر غور کر رہی ہے۔یونیورسٹی نے اپنے کالجوں کو ایک سروے کرنے اور ان طلبہ کی فہرست تیار کرنے کے لئے لکھا ہے جو وبائی مرض کی وجہ سے اپنے والدین یاان میں سے ایک کو کھو چکے ہیں۔کالجوں کے ڈین بلرام پانی نے بتایاکہ دہلی یونیورسٹی نے اپنے کالجز کو ان طلبہ کا سراغ لگانے کے لئے لکھا ہے جو کورونا وائرس کی وجہ سے اپنے والدین سے محروم ہوگئے ہیں۔
عہدیداروں کے مطابق دہلی یونیورسٹی کے تحت تین قسم کے کالج ہیں۔ وہ کالج جو ٹرسٹ کے زیر انتظام ہیں، وہ کالج جو یونیورسٹی اور کالجوں کے زیر انتظام چل رہے ہیں اوروہ کالج جو مکمل طور پر یا جزوی طور پر دہلی سرکار کے ذریعہ مالی تعاون سے چلائے جاتے ہیں۔ان تمام میں زیرتعلیم طلباء جو مالی پریشانیوں سے دوچار ہیں ان کی فیس معافی کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ تلنگانہ میں بھی کئی طلباء مالی پریشانیوں سے دوچار ہیں ان کی بھی فیس معافی کے اقدامات ناگزیر ہیں۔ سالانہ امتحانی فیس کی معافی سے کئی طلبا ء کو راحت حاصل ہوسکتی ہے۔