’ہمارا ٹارگیٹ 2024 کا الیکشن ہے، منظم طریقے سے پالیسی بنانی ہوگی‘: سونیا گاندھی
سونیا گاندھی نے کہا کہ ’’مجھے یقین ہے کہ پارلیمنٹ کے آنے والے اجلاس کے دوران اپوزیشن کا اتحاد قائم رہے گا، اور اس کے لیے بھی تیار رہنا ہوگا کہ بڑی سیاسی لڑائی پارلیمنٹ کے باہر لڑی جانی ہے۔‘‘
2024 لوک سبھا انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ آج شام 19 اپوزیشن پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران کے ساتھ ہوئی آن لائن میٹنگ میں سونیا گاندھی نے واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ ان کا ہدف 2024 کا عام انتخاب ہے جس میں عوام مخالف مودی حکومت کو شکست دینے کے لیے مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔
میٹنگ کے دوران کانگریس صدر نے بی جے پی کے خلاف سبھی حزب مخالف پارٹیوں سے ایک ساتھ کھڑے ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن اتحاد کا انھیں مکمل بھروسہ ہے، لیکن اس کے باہر ایک بڑی سیاسی لڑائی لڑنی ہوگی تاکہ غلط طاقتوں کو شکست دی جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا ہدف 2024 لوک سبھا الیکشن ہے، اور اس کے لیے انتہائی منظم طریقے سے منصوبہ تیار کرنا ہوگا۔ یہ ایک چیلنج ہے، لیکن ہم مل کر یہ کام کر سکتے ہیں، کیونکہ اس کے علاوہ کوئی دوسرا متبادل نہیں ہے۔
سونیا گاندھی نے میٹنگ کے دوران اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’ہم سبھی کی اپنی اپنی مجبوریاں ہیں، لیکن ملک کے مفاد کا مطالبہ ہے کہ ہم سب اس سے اوپر اٹھ کر ساتھ آئیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے یقین ہے کہ پارلیمنٹ کے آنے والے اجلاس کے دوران بھی اپوزیشن کا اتحاد قائم رہے گا۔ اور اس کے لیے بھی تیار رہنا ہوگا کہ بڑی سیاسی لڑائی پارلیمنٹ کے باہر لڑی جانی ہے۔‘‘
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق میٹنگ میں شریک سبھی وزرائے اعلیٰ نے ایک آواز میں کہا کہ ’’اس وقت اپوزیشن کو مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھنا اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے، کیونکہ غیر بی جے پی ریاستی حکومتوں کو پریشان کیا جا رہا ہے۔ ہمیں اکٹھا ہو کر مرکزی حکومت کا سامنا کرنا ہوگا۔‘‘
سونیا گاندھی کی صدارت میں ہوئی اپوزیشن پارٹی لیڈران کی میٹنگ میں 2024 لوک سبھا انتخابات اور اپوزیشن اتحاد کو لے کر ہوئی بات چیت کے علاوہ کئی عوامی مسائل پر بھی گفت و شنید ہوئی۔ اس میٹنگ کانگریس کی جانب سے سونیا گاندھی کے علاوہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور سابق کانگریس صدر راہل گاندھی بھی شامل ہوئے۔ جہاں تک دیگر پارٹیوں کا سوال ہے، میٹنگ میں ٹی ایم سی، این سی پی، ڈی ایم کے، شیو سینا، جے ایم ایم، سی پی آئی، سی پی ایم، نیشنل کانفرنس، آر جے ڈی، اے آئی یو ڈی ایف، وی سی کے، لوک تانترک جنتا دل، جے ڈی ایس، آر ایل ڈی، آر ایس پی، کیرالہ کانگریس منی، پی ڈی پی اور آئی یو ایم ایل سے منسلک لیڈران موجود تھے۔