ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد بھی امریکی افواج افغانستان میں رہیں گی! صدر بائیڈن کا نیا اعلان
اگست میں ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد بھی امریکی فوجی افغانستان میں تعینات رہ سکتے ہیں، بدھ کے روز امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ہم افغانستان سے تمام امریکیوں کی محفوظ واپسی کے لیے پرعزم ہیں
واشنگٹن: افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی مدت اگست کے بعد ختم ہو رہی ہے لیکن امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اگر 31 اگست کو ختم ہونے والی ڈیڈ لائن کے بعد بھی امریکی فوجیوں کو وہاں رکھنا پڑا تو یہ کیا جائے گا۔ بائیڈن نے کہا کہ وہ افغانستان سے تمام امریکیوں کی محفوظ واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر بائیڈن نے کہا کہ امریکیوں اور افغان دوستوں کو افغانستان سے محفوظ طریقے سے نکالنے کے لیے امریکہ کو جو بھی طاقت استعمال کرنی پڑے گی وہ استعمال کی جائے گی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ انتظامیہ 31 اگست کے بعد امریکیوں کو افغانستان سے کیسے واپس لائے گی؟ اس پر انہوں نے کہا کہ جب تک امریکی عوام وہاں موجود ہیں امریکی فوج کی تعیناتی جاری رہے گی۔ جب تک ہر امریکی کی واپسی نہیں ہو جاتی فوج وہاں تعینات رہے گی۔
خیال رہے کہ طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان میں تقریبا 15 ہزار امریکی موجود ہیں۔ سیکریٹری دفاع لائیڈ آسٹن نے بدھ کے روز کہا تھا کہ امریکی فوج کے پاس افغانستان میں اپنے موجودہ مشن میں توسیع کے لیے کابل ایئرپورٹ کو محفوظ بنانے سے لے کر امریکیوں اور خطرے سے دوچار افغانیوں کو دارالحکومت میں کہیں اور جمع کرنے کے لیے فورسز موجود نہیں ہیں۔ آسٹن نے کہا کہ افغانستان سے لوگوں کو واپس لانے کے معاملے میں ہم اس پوزیشن میں نہیں ہیں جس کا ہم نے تصور کیا تھا۔