تازہ خبریں

’خوابوں کو پورا کرنے کا وقت آچکا!‘ یومِ آزادی کے موقع پروزیراعظم نریندر مودی کا قوم سے خطاب

پی ایم مودی نے کہا کہ ہمیں اپنے اہداف کے حصول کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا، ہمارے پاس ایک لمحہ بھی گنوانے کے لئے نہیں ہے۔ ہمارے ملک اور ہمیں خود کو بدلنا ہوگا اور اپنے خوابوں کو پورا کرنا ہوگا۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے یوم آزادی کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد دی ہے۔ اتوار کو ایک ٹوئٹ پیغام میں وزیر اعظم نے کہا ’’آپ سب کو 75 ویں یوم آزادی کی بہت بہت مبارکباد۔ آزادی کے امرت مہوتسو کا یہ سال ہم وطنوں میں نئی ​​توانائی اور نیا شعور پیدا کرے۔ جئے ہند!‘‘

ملک بھر میں 75 ویں یوم آزادی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ قوم آزادی کا ’امرت مہوتسو’ منا رہی ہے اور پورا ملک حب الوطنی کے جذبے سے شرابور ہے۔ ملک بھر میں پرچم کشائی اور دیگر پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر مرکزی تقریب دارالحکومت کے تاریخی لال قلعہ میں منعقد کی گئی اور وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعہ کی فصیل پر قومی پرچم لہرا کر قوم سے خطاب کیا۔

لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک آج اپنے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر جنگ آزادی کے شہیدوں کو یاد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی، نیتا جی سبھاش چندر بوس، بھگت سنگھ، رام پرساد بسمل، اشفاق اللہ خاں، رانی لکشمی بائی، پنڈت جواہر لال نہرو، بابا صاحت امبیڈکر سمیت دیگران کو ملک یاد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیت ہار تو ہوتی رہی لیکن دل میں بسی آزادی کی خواہش نے کبھی دم نہیں توڑا۔

وزیراعظم مودی نے کہا کہ کورونا کے عہد میں ملک کے ڈاکٹروں، سائنسداروں نے ویکسین بنانے کا کام انجام دیا اور کروڑوں لوگوں نے لمحہ لمحہ عوامی خدمت کی۔ آج ملک کے کئی علاقوں میں سیلاب، لینڈ سلائڈنگ کے سبب کئی لوگوں کی جان چلی گئی، ملک ان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ اس دوران انہوں نے اولمپکس میں تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو بھی مبارک باد پیش کی۔

پی ایم مودی نے کہا کہ تقسیم کا درد اب بھی ہندوستان کے سینے کو چھلنی کرتا ہے، یہ گزشتہ صدی کا عظیم سانحہ ہے۔ ہندوستان نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر سال 14 اگست کو تقسیم کی ہولناک یادوں کے دن کے طور پر یاد کیا جائے گا۔ جن لوگوں نے تقسیم کے وقت مظالم کو برداشت کیا اب ان لوگوں کا احترام کیا جائے گا۔

پی ایم مودی نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں ہندوستان میں کم تعداد میں لوگ کورونا سے متاثر ہوئے ہیں لیکن یہ کہنا کہ ہمارے سامنے کوئی چیلنج نہیں تھا، یہ بھی غلط ہوگا۔ اپنی تمام تر کوششوں کے بعد بھی ہم بہت سے لوگوں کو نہیں بچا سکے، کئی بچوں کے سروں سے سایہ اٹھ گیا، پی ایم مودی نے کہا کہ آنے والے 25 سال ہمارے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

پی ایم مودی نے کہا کہ امرت کال کا مقصد ملک میں جدید ترین سہولیات ہونا ہے، ہمیں کسی سے کم نہیں ہونا چاہیے۔ ملک کے لئے جو خواب ہم نے دیکھیں ہیں وہ اس وقت تک پورے نہیں ہوں گے جب تک محنت نہ کی جائے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ ہمیں اپنے اہداف کے حصول کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا، ہمارے پاس ایک لمحہ بھی گنوانے کے لئے نہیں ہے۔ ہمارے ملک اور ہمیں خود کو بدلنا ہوگا اور اپنے خوابوں کو پورا کرنا ہوگا۔

‘سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہم سبکا ساتھ، سبکا وکاس اور سبکا وشواس کے مشن کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے اس نعرے میں ‘سبکا پریاس’ بھی شامل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سات سالوں میں حکومت کی کئی اسکیموں کے ذریعے عام لوگوں تک مدد پہنچی ہے۔

پی ایم مودی نے کہا کہ اب ہمیں 100 فیصد کا ہدف مقرر کرنا ہے، ہر گاؤں تک سڑکیں، ہر ایک کا بینک اکاؤنٹ ہونا چاہیے، ہمیں یہ ہدف پورا کرنا ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ اب غریبوں کو غذائیت سے بھرپور چاول دیے جائیں گے، مڈ ڈے میل کے چاول کو بھی اس مشن میں شامل کیا جائے گا۔ سال 2024 تک ہر اسکیم کے تحت فراہم کئے جانے والے چاول کو غذائیت بخش بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!