مساجد کو وقف بورڈ کے ریکارڈ میں درج کرانے کی اپیل
آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیئر اسوسی ایشن کا جمعیۃ علما ء کی مہم سے اتفاق
حیدرآباد:7/اگست (پی آر) آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیئر اسوسی ایشن کے قومی صدرمحمد رفیق اور بانی جہانگیر پاشاہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ آئے دن اخبارات میں اس طرح کی خبریں آرہی ہیں کہ کسی مسجد کی زمین پر لینڈ گرابر نے قبضہ کرلیا ہے یا کسی مسجد کو غیرقانونی ہونے کی وجہ سے شہید کردیا گیا۔ اس طرح کے واقعات کے انسداد کے لیے بڑے پیمانے پر شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ مساجد کے ذمہ دار اگر اس جانب توجہ دیں۔ جمعیۃ علما ء ہند نے بھی ایک مہم شروع کی ہے۔ اس میں بڑھ چڑھ کر مسلمانوں کو خاص طور پر مساجد کے ذمہ داروں کو حصہ لینے کی ضرورت ہے۔
گزشتہ دنوں مسجد الماس چوٹ اپل میں مسجد کی زمین پر قبضے کی رپورٹ سامنے آئی۔ اسی طرح سکریٹریٹ کی دو مساجد کو شہید کردیا گیا اور اس کی تعمیر کے صرف اعلانات ہورہے ہیں۔ درگم چیرو تالاب کی مسجد کے راستوں کو مسدود کردیا گیا۔ حیدرآباد میں سینکڑوں مساجد بند ہیں۔ جس میں قطب شاہی دور کی بہت ساری مساجد شامل ہیں۔ شیخ پیٹ کی مسجد، ملٹری ایریے میں موجود مساجد اور بھی بہت سے مساجد کے بند ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ شہر کی سطح پر اور تلنگانہ ریاست کی سطح پر اور ملک کی سطح پر بھی اس تعلق سے مسلمانوں میں شعور بیدا رکرنے کی ضرورت ہے۔ جب بندہ کسی زمین کومسجد کے لئے وقف کرتا ہے، تو وہ قطعہ زمین براہ راست اللہ کے حوالہ کردیتا ہے، موجود ہ حالات میں مساجد کی حفاظت کے لیے زیادہ بیدار رہنے کی ضرورت ہے۔
حال میں ملک میں ایسے بہت سارے واقعات سامنے آئے جن میں فرقہ پرست ذہنیت کے حامل افسران نے مسجد وں کو غیر قانونی بتا کر منہدم کردیا یا اسے نقصان پہنچانے کی کوشش کی، ان میں ہماری کمزرویاں بھی شامل ہیں۔مسجد کمیٹی اپنے انتخابات کے کاغذات درست کریں۔مسجد کی جائیداد کا وقف بورڈ میں اندراج کرایا جائے، اندراج کے وقت کاغذات وغیرہ درست کرکے جمع کریں، اس امر کا لحاظ رکھا جائے کہ کسی طرح کی اسپیلنگ (مسجد اور واقف کے نام) وغیرہ کی غلطی نہ ہو۔ قومی یکجہتی اورآپسی بھائی چارے کے لیے منظم انداز میں مساجد کو جاری رکھنے کی کوشش کرنا چاہئے۔ فرقہ پرست عناصر مسلمانوں کو وقتاً فوقتاً ہراساں کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ کبھی مذہب میں مداخلت کی جاتی ہے کبھی ماب لنچنگ کی جاتی ہے تو کبھی مساجد پر کوغیرقانونی کہہ دیاجاتا ہے۔
لہٰذا آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیئر اسوسی ایشن مسلمانوں سے خاص طورپر مساجد کے ذمہ داروں سے یہ گزارش کرتی ہے کہ وہ اپنے کاغذات درست کریں اور قانونی طور پر مساجد کو وقف بورڈ کے تحت لائیں اور مساجد کو آباد رکھنے کی کوشش کریں تب ہی فرقہ پرست اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے اور ملک میں امن و ہم آہنگی کی فضاء برقرار رہے گی۔