ممبئی کے 3 ریلوے اسٹیشنس اور امیتابھ بچن کے بنگلہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ممبئی پولیس کے کنٹرول روم میں جمعہ کی شب فون آیا جس میں فون کرنے والے نے کہا کہ سی ایس ٹی، بھائیکھلا، دادر ریلوے اسٹیشنوں اور امیتابھ کے جوہو واقع بنگلہ پر بم رکھے گئے ہیں۔
ممبئی پولیس کے پاس آئے ایک گمنام فون کال نے پوری ریاست میں ہلچل مچا رکھی ہے۔ پولیس کو ممبئی کے تین بڑے ریلوے اسٹیشنوں اور بالی ووڈ کے مشہور اداکار امیتابھ بچن کے بنگلے کو بم سے اڑانے کی دھمکی آمیز فون کال آئے ہیں۔ اس فون کال کے بعد سے ممبئی پولیس کے میں ہلچل مچ گئی ہے۔
پولیس نے سبھی مقامات پر سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دیئے ہیں۔ حالانکہ تلاشی کے دوران اب تک کچھ بھی مشتبہ نہیں ملا ہے۔ فی الحال پورے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ممبئی پولیس کے مین کنٹرول روم کو جمعہ کی شب فون آیا جس میں فون کرنے والے نے کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس (سی ایس ایم ٹی)، بھائیکھلا، دادر ریلوے اسٹیشنوں اور اداکار امیتابھ بچن کے جوہو واقع بنگلے پر بم رکھے گئے ہیں۔
افسر نے مزید کہا کہ ’’کال ملنے کے بعد ریلوے پولیس، ریلوے سیکورٹی فورس، بم ڈٹیکشن اینڈ ڈسپوزل اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ اور مقامی پولیس اہلکاروں کے ساتھ متعلقہ مقامات پر پہنچے اور تلاشی مہم چلائی۔‘‘ انھوں نے بتایا کہ ان مقامات پر اب تک کچھ بھی مشتبہ نہیں ملا ہے، لیکن وہاں کثیر تعداد میں پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔ آگے کی جانچ جاری ہے۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے فوراً اس نمبر پر رابطہ کیا جس سے کال کیا گیا تھا۔ لیکن دوسری طرف سے فون کرنے والے شخص نے کہا کہ اب مجھے پریشان مت کرو اور فون کاٹ دیا۔ اس کے بعد سے اس شخص سے رابطہ نہیں کیا جا سکا۔ مشتبہ شخص نے فون سوئچ آف کیا ہوا ہے۔