اولمپک میں نیرج چوپڑا نے رقم کی تاریخ، ہندوستان کو ملا پہلا گولڈ میڈل
ٹوکیو اولمپک میں نیرج چوپڑا نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ نیرج نے جیولن تھرو میں 87.58 میٹر دور تک بھالا پھینک کر ملک کو اتھلیٹکس میں اس بار پہلا طلائی تمغہ دلایا۔ اولمپک کے انفرادی مقابلے میں ہندوستان کو 13 سال بعد کوئی طلائی تمغہ حاصل ہوا ہے۔
نیرج چوپڑا کو صدر جمہوریۂ ہند رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی اور راہل گاندھی نے دی مبارکباد
نیرج چوپڑا کی اس کامیابی پر صدر جمہوریۂ ہند رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے مبارکباد پیش کی ہے۔ نریندر مودی نے اس موقع پر ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں کہا ہے کہ ’’ٹوکیو میں تاریخ رقم کی گئی ہے! نیرج چوپڑا نے آج جو حاصل کیا ہے اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘
ٹوکیو اولمپکس میں آج ہندوستان کے لیے نیرج چوپڑا نے اس وقت فخر کا موقع فراہم کیا جب انھوں نے بھالا پھینک مقابلہ میں طلائی تمغہ حاصل کر لیا۔ اس کامیابی کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے انھیں سوشل میڈیا پر مبارکباد پیش کی ہے اور لکھا ہے ’’نیرج چوپڑا کو سلام! آج آپ کے لیے ایک ارب دل دھڑک رہے ہیں۔ اور ہم میں سے سبھی آپ کی کامیابی پر فخر کر رہے ہیں۔‘‘