ٹاپ اسٹوری

’پٹرول-ڈیزل اور سلنڈر، مہنگا کرکے چھپ گیا نریندر‘، یوتھ کانگریس کا نعرہ

پیگاسس، پٹرول-ڈیزل، گیس سلنڈر کی آسمان چھو رہی قیمتوں اور مہنگائی کو لے کر کانگریس لگاتار مرکزی حکومت پر حملہ آور ہے۔ اس تعلق سے جمعرات کو یوتھ کانگریس نے مرکزی حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔

پیگاسس، پٹرول-ڈیزل، گیس سلنڈر کی آسمان چھو رہی قیمتوں اور مہنگائی کو لے کر کانگریس لگاتار مرکزی حکومت پر حملہ آور ہے۔ اس تعلق سے جمعرات کو یوتھ کانگریس نے مرکزی حکومت کے خلاف سڑکوں پر اتر کر مظاہرہ کیا۔ یوتھ کانگریس کارکنان بڑی تعداد میں رائے سینا روڈ پر ہاتھوں میں بینر اور پوسٹر لیے پہنچے۔ کارکنان نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

یوتھ کانگریس کارکنان نے بینروں پر مودی حکومت کے خلاف کئی سلوگن بھی لکھے ہوئے تھے۔ ایک بینر پر لکھا تھا ’ڈیزل، پٹرول اور سلنڈر مہنگا کر کے چھپ گیا نریندر۔‘ ایک دیگر بینر پر لکھا تھا ’ہوئی مہنگائی کی مار، نہیں چاہیے بی جے پی سرکار‘۔ مہنگائی اور پیگاسس کے ایشو پر مظاہرہ کر رہے یوتھ کانگریس کے کارکنان سلوگن کے ذریعہ سیدھے پی ایم مودی پر حملہ بول رہے تھے۔ ان کے ایک دیگر بینر پر پی ایم مودی پر طنز کستے ہوئے لکھا گیا تھا ’گھٹ گئی چھاتی بڑھ گیا بال، 7 سال کا بس یہی کمال‘۔

یوتھ کانگریس کے اس مظاہرہ میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی بھی شامل ہوئے۔ اس دوران راہل نے مرکزی حکومت پر زوردار حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں سب سے بڑا ایشو روزگار کا ہے لیکن پی ایم مودی روزگار کے تعلق سے کچھ بھی نہیں بولتے۔

اس موقع پر راہل گاندھی نے کہا کہ ’’نریندر مودی کا کام ہندوستان کی سچائی کو دبانے کا ہے۔ ان کا یہی کام ہے۔ ہندوستان کے دو تین صنعت کاروں کے لیے وہ یہ کام کرتے ہیں۔‘‘ انھوں نے آگے کہا کہ ’’کیا ہندوستان کی حکومت روزگار کی بات کرنے دیتی ہے؟ کیا ہندوستان کی حکومت کسانوں کی بات کرتی ہے؟ ابھی دہلی میں چھوٹی سی بچی کی عصمت دری ہوئی، پھر اس کا قتل ہو گیا۔ لیکن کیا یہ خبر آپ نے کہیں میڈیا میں دیکھی۔ ان کا ہدف ہے ہندوستان کے نوجوانوں کی آواز کو دبایا جائے۔ جس دن نوجوانوں نے اپنی آواز اٹھانی شروع کر دی، نریندر مودی حکومت گر جائے گی۔‘‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!