الیکشن2019تازہ خبریںخبریںقومی

فوج نریندرمودی کی پرسنل پراپرٹی نہیں ہے: راہل گاندھی

عام انتخابا ت کے 4 مرحلہ ہو چکے ہیں یعنی تقریباً نصف نشستوں پر ووٹنگ ہو چکی ہے اور ان 4 مرحلوں کے بعد کانگریس صدر راہل گاندھی کے مطابق لوگوں کو اس بات کا احساس ہو چکا ہے کہ نریندر مودی چناؤ ہار رہے ہیں‘‘۔ صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ جس طرح وزیر اعظم نریندر مودی بنیادی مدوں سے عوام کو بھٹکانے کے لئے روز نئی نئی باتیں کر رہے ہیں اس سے صاف ہے کہ مودی حکومت جانے والی ہے۔

نریندر مودی کے تازہ بیانات کی سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوے کہا ہے کہ ’’آرمی نریندر مودی کی پرسنل پراپرٹی نہیں ہے۔ فوج ہندوستان کی ہے کسی ایک شخص کی نہیں ہے اور وزیر اعظم کو فوج کو بے عزت نہیں کرنا چاہیے‘‘۔ راہل گاندھی نے مزید کہا ’’جن سرجیکل اسٹرائک کا کانگریس نے ذکر کیا ہے وہ کانگریس نے نہیں بلکہ وہ فوج نے کی ہیں اور نریندر مودی اگر کہتے ہیں کہ یہ ویڈیو گیم ہے تو کانگریس کی نہیں بلکہ فوج کی بے عزتی کرتے ہیں‘‘۔

مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے پر راہل گاندھی نے کہا کہ’’مسعود اظہر ایک دہشت گرد ہے۔ اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ لیکن اس کو وہاں بھیجا کس نے۔ اس کو آج دہشت گرد بتایا جا رہا ہے لیکن وہ پاکستان پہنچا کیسے۔ کیا کانگریس نے وہاں پہنچایا۔ کس حکومت نے دہشت گردی کے سامنے جھک کر اس کو پاکستان بھیجا۔ کانگریس نے تو نہیں بھیجا۔ حقیقت یہ ہے کہ بی جے پی سمجھوتے کرتی ہے۔ کانگریس نے کسی دہشت گرد کو پاکستان نہیں بھیجا، اور نہ ہی بھیجیں گے‘‘۔

کانگریس صدر نے واضح طور پر الیکشن کمیشن کی کارکرادگی پر سوال کھڑے کیے ’’جہاں بی جے پی کے معاملے ہیں وہاں الیکشن کمیشن کا معاملہ سیدھا ہے اور جہاں اپوزیشن کی بات آتی ہے وہاں الیکشن کمیشن جانبدار نظر آتا ہے۔ دراصل مودی حکومت نے آئنی اداروں پر قبضہ کر رکھا ہے اور الیکشن کمیشن پر بھی اس کا اثر ہو سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن جو کچھ بھی کرے، لیکن ملک کے عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ انھیں کیا کرنا ہے‘‘۔

صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا ’’اصل مسائل روزگار، کسان، بدعنوانی، آئینی اداروں پر حملہ ہے اور وزیر اعظم ان مسائل کا سامنا نہیں کر پا رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ ایسے بیان دے رہے ہیں اور ایسے مدے اٹھا رہے ہیں جن سے ان بنیادی مسائل سے توجہ ہٹ جائے‘‘۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!