مدنپورہ: انجمن خیرالاسلام گرلز ہائی اسکول میں آن لائن بیوٹیشن کورس کا آغاز اور کِٹس کی تقسیم
مدنپورہ: 29/جولائی- انجمن خیرالاسلام گرلز ہائی اسکول مدنپورہ میں طالبات کو درسی نصاب کے ساتھ ووکیشنل کورس بھی کروائے جاتے ہیں تاکہ طالبات حصول علم کے ساتھ ساتھ ہنر مند بھی بن جائیں اور مستقبل میں انھیں یہ کورس مالی اعتبار سے فائدہ مند ثابت ہو اور ان کے لئے ذریعہ معاش ثابت ہو جائے۔
اسی لئے طالبات کو مختلف کورسیز مثلاً، ٹیلرنگ ،فیشن ڈیزائننگ اور بیوٹیشن جیسے کورس کروائے جاتے تھے مگر کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کے لئے حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے نفاذ اور اسکولوں کے مستقل بند ہونے کی وجہ سے ووکیشنل کورس کا سلسلہ بند ہو گیا۔
موجودہ تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی آن لائن بیوٹیشن کورس شروع کئے گئے ہیں یہ کورس سلام بامبے نام کی ایک غیر سرکاری تنظیم کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے یہ کورس پچاس سیشن پر مشتمل ہوگا اور تقریباً چھ مہینے تک چلے گا اور طالبات گھر بیٹھے کورس مکمّل کر پائیں گی۔
اس کورس میں لگنے والی ضروری اشیاء کو اسکول کی جانب سے مفت تقسیم کیا گیا ۔بروز بدھ کو اسکول میں پچیس طالبات کو پرنسپل قیصر جہاں کے ہاتھوں سے طالبات میں ان کی اشیاء کی تقسیم عمل میں آئی۔ (رپورٹ: ساجد محمود شیخ)