تازہ خبریں

مہنگائی، کسان اور پیگاسس پر بحث ہونے دیں، پارلیمنٹ کا مزید وقت خراب نہ کریں: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کی آواز ہوتی ہے تاکہ وہاں عوامی مسائل پر بحث ہو سکے لیکن مودی حکومت حزب اختلاف کے بحث کرانے کے مطالبہ کو نظر انداز کر رہی ہے

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے عوامی اہمیت کے حامل معاملوں پر بحث نہ کرائے جانے کے سلسلہ میں مودی حکومت پر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کی آواز ہوتی ہے تاکہ وہاں عوامی مسائل پر بحث ہو سکے لیکن مودی حکومت حزب اختلاف کے بحث کرانے کے مطالبہ کو نظر انداز کر رہی ہے۔

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’ہماری جمہوریت کی بنیاد ہے کہ پارلیمنٹ عوام کی آواز بن کر قومی اہمیت کے حامل مدعوں پر بحث کرے۔ مودی حکومت حزب اختلاف کو یہ کام نہیں کرنے دے رہی۔ پارلیمنٹ کا مزید وقت خراب مت کرو۔ مہنگائی، کسان اور پیگاسس پر بحث ہونے دو۔‘‘

خیال رہے کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 19 جولائی کو شروع ہوا تھا اور اب تک کی اوانوں کی کارروائی ہنگامہ آرائی کی نذر ہو چکی ہے۔ اسرائیلی سپائی ویئر پیگاسس کے ذریعے ملک کے سیاسدانوں، صحافیوں اور دیگر اہم افراد کی جاسوسی کرائے جانے کے معاملہ پر حزب اختلاف کے لیڈران لگاتار حزب اقتدار کو نشانہ بنا رہے ہیں اور حکومت سے اس معاملہ میں جانچ کرانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ مہنگائی اور کسان تحریک کے سلسلہ میں بھی ہر روز ہنگامہ ہو ہرا ہے۔ دریں اثنا حزب اختلاف کے متعدد لیڈران تحریک التوا کا نوٹس پیش کر کے ان مسائل پر بحث کرانے کا مطالبہ کر رہے ہیں، تاہم حکومت کی طرف سے ان کے مطالبات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

قبل ازیں، کانگریس سمیت حزب اختلاف کی 14 جماعتوں کے لیڈران نے گزشتہ روز پارلیمنٹ میں ایک اجلاس منعقدہ کر کے تازہ صورت حال پر غور و خوض کیا اور آگے کی حکمت عملی تیار کی۔ اس اجلاس میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بھی موجود تھے۔ اجلاس کے بعد راہل گاندھی نے پیگاسس اور کسانوں کے معاملے پر پارلیمنٹ میں ہنگاموں کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پارٹی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے اور حکومت کو پارلیمنٹ میں پیگاسس جیسے حساس معاملے میں جواب دینا چاہئے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیگاسس کو اپنے عوام اور جمہوری اداروں کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ہتھیار دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے خلاف استعمال ہونا چاہئے تھا لیکن حکومت اسے جمہوری اداروں کے خلاف استعمال کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!