چٹگوپہ میں جمیعت العلماء کی جانب سے خون کے عطیہ کیمپ کا کامیاب انعقاد
بیدر:17/جولائی (اے ایس ایم) عید الاضحی کی آمد کی مسرت میں جمیعت العلماء شاخ تعلقہ چٹگوپہ کی جانب سے سرکاری دواخانہ چٹگوپہ میں آج صبح 10بجے سے 4بجے تک خون کا عطیہ کیمپ (بلڈ ڈونیشن کیمپ)منعقد کیا گیا۔خون عطیہ کیمپ کا افتتاح مہمانوں کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
اس موقع پر افتتاحی خطاب میں مولانا محمد توفیق حسین قاسمی صدر جمیعت العلماء چٹگوپہ نے تمام مہمانوں کا اور خون کا عطیہ کرنے والے بلا لحاظ مذہب افراد کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ خون عطیہ کیمپ منعقد کیا جانا قابلِ ستائش و قابلِ تقلید ہے‘ جمعیت العلماء چٹگوپہ کے ذمہ دارا ن قابلِ مبارکباد ہیں‘کیونکہ کے خون کا عطیہ کیمپ کے انعقاد سے ہمدرد ی و انسانیت کا پیغام عام ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ خون کا عطیہ کرنے سے انسان تندرست اور بے شمار بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔خون کا عطیہ دینے سے کینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے‘خون کی روانی میں بہتری آتی ہے‘دل کے امراض لاحق ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے اور فاضل کیلوریز جسم سے زائل ہوتی ہیں۔ خون کا عطیہ دینے کا سب سے اہم فائدہ یہ ہے کہ عطیہ کنندہ کے خون کی باقاعدگی سے جانچ مفت ہوتی رہتی ہے اور دیگر افراد کی نسبت مہلک بیماریوں اور ان کے بچاؤ کے بارے میں آگاہی ملتی رہتی ہے۔
اس موقع پر مہمان امول ایس کالے، ضیاء الدین تحصیلدار، سوریہ کانت سوامی،راشد علی پٹیل، مولانا تصدق ندوی نے اپنے خطاب میں بتایا کہ خون کے عطیات دینے والے افراد کی خدمات کو سراہنے کے ساتھ ساتھ خون کے زیادہ سے زیادہ عطیات دینے کے لیے شعور کو بھی اجاگر کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ انسانی جسم میں گردش کرنے والے خون میں سرخ ذرات کی عمر نوے دن تک ہوتی ہے جبکہ پلیٹ لیٹس کی عمر چند دن‘ اس کے بعد یہ ذرات نئے بنتے ہیں۔ ایک صحت مند شخص تین ماہ تک خون کا عطیہ کرسکتا ہے اور اس کا کوئی نقصان بھی نہیں۔مذکورہ بالا خون کا عطیہ کیمپ میں چٹگوپہ کے سرکاری دواخانہ کا بلڈ بنک کا عملہ متحرک طورپر اپنی خدمات انجام دیا۔
جمیعت العلماء چٹگوپہ کے عہدیداران و ارکان نے بتایا کہ خون کا عطیہ کیمپ کا مقصد انسانی ہمدردی کیلئے ہے۔ اگر ناگہانی حالات میں کسی کو خون کی ضرورت ہوتی ہے تو خون کا عطیہ کنندہ ان کی مدد کرسکتا ہے یہی ہمارا مقصد ہے۔انھوں نے خون کا عطیہ دینے والے تمام30 افراد بشمول جمیعت العلماء چٹگوپہ اور مہمانانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اِظہا رکیا کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبہ کے ساتھ خون کا عطیہ کیمپ منعقد کریں گے۔ اس موقع پر خون کا عطیہ دینے والے افراد کو سرکاری دواخانہ بید رکے شعبہ بلڈ بنک سے سرٹیفکیٹ مہمانانِ خصوصی کے ہاتھوں دیا گیا۔
اس موقع پر مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے محمد ضیاء الدین تحصیلدار چٹگوپہ، امول ایس کالے سرکل انسپکٹر چٹگوپہ، شری پدراج پروہت چیف آفسر بلدیہ چٹگوپہ، سب انسپکٹر پولیس چٹگوپہ، ڈاکٹر کرن انچارج گورنمنٹ ہاسپٹل چٹگوپہ، ڈاکٹر وجئے کمار ہراسکر، ڈاکٹر سشیل کمار، شری سوریا کانت سوامی منڈپتی، سبھاش کمار کونسلر چٹگوپہ، میر اشرف علی پٹیل،عبدالقادر صاحب 96لاکھ، سید راشد علی پٹیل، سید نورالاسلام کونسلر، مولانا محمد تصدق ندوی معتمد عمومی جمیعت العلماء بیدر، سید ہارون گانجے والے صدر مسلم ویلفرچٹگوپہ، مولانا محمد توفیق حسین قاسمی صدر جمیعت العلماء چٹگوپہ و اطراف و اکناف کے علاوہ بیدر شہر کی ممتاز و معروف شخصیات نے شرکت کی۔