ذی الحجہ کا چاند نظر آیا، ہندوستان میں 21 جولائی کو ہوگی عیدالاضحیٰ
امارت شرعیہ ہند اور شاہی مسجد فتح پوری دہلی سمیت ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں موجود بیشتر رویت ہلال کمیٹیوں کے ذریعہ ذی الحجہ کا چاند دیکھے جانے اور عیدالاضحیٰ 21 جولائی کو ہونے کا اعلان کر دیا گیا۔
اتر پردیش، بہار، اڈیشہ، مغربی بنگال، آسام وغیرہ ریاستوں میں آج ذی الحجہ کا چاند بڑے پیمانے پر دیکھا گیا۔ کئی مقامات سے چاند دیکھے جانے کی خبر ملنے کے بعد اور کئی رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کے ذریعہ بھی چاند کا دیدار کیے جانے کے پیش نظر مختلف اداروں نے ہندوستان میں 21 جولائی کو عیدالاضحیٰ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسی طرح کرناٹک میں بھی
امارت شرعیہ ہند کی جانب سے اس سلسلے میں ایک پریس ریلیز جاری کیا گیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ ’’بعد نماز مغرب رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ زیر صدارت مولانا ابوالحسن صاحب پالن پور نگراں دینی تعلیمی بورڈ و آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند امارت شرعیہ ہند کے مرکزی دفتر 1، بہادر شاہ ظفر مارگ، نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا۔
دہلی میں مطلع صاف نہیں ہے، چاند نظر نہیں آیا۔ البتہ گوہاٹی، کوکرا جھار (آسام)، میگھالیہ، مغربی بنگال، تریپورہ، کٹک (اڈیشہ)، بہار اور دیوبند (یو پی) سمیت ملک کے مختلف مقامات پر رویت عام کی اطلاع موصول ہوئیں۔ اس لیے رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند اعلان کرتی ہے کہ29 کی رویت شرعاً ثابت ہو گئی ہے۔ کل بتاریخ 12 جولائی 2021 بروز پیر ماہ ذی الحجہ 1442ھ کی پہلی تاریخ ہوگی۔ عیدالاضحیٰ 21 جولائی بروز بدھ کو ہوگی (ان شاء اللہ)
اسی طرح شاہی مسجد فتح پوری دہلی کی جانب سے بھی ذی الحجہ کا چاند دیکھے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پریس نوٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مفکر ملت مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد صاحب صدر فتح پوری رویت ہلال کمیٹی نے اعلان فرمایا آج 29 ذیقعدہ کو عیدالاضحیٰ کا چاند نظر آ گیا۔ دہلی میں مطلع غبار آلود ہے اور بیرون دہلی سے ذی الحجہ کے چاند کی تصدیق ہو گئی، لہٰذا یکم ذی الحجہ بروز پیر 12 جولائی کو ہوگی اور عیدالاضحیٰ 21 جولائی 2021 بروز بدھ کو ہوگی۔‘‘