مہاراشٹر: پنچایت ضمنی الیکشن پر روک لگانے سے سپریم کورٹ کا انکار
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مہاراشٹر میں ہونے والے پنچایت الیکشن کو ملتوی کرنے سے منگل کے روز انکار کر دیا۔ جسٹس اے ایم کھانوِلکر کی صدارت والی بینچ نے اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو کورونا پروٹوکال کے مطابق اور لاک ڈاؤن کی صورتحال کا خیال کرتے ہوئے الیکشن کروانے کی اجازت دی۔ جسٹس کھانولر نے کہا کہ کمیشن کو آئین اور قانون کے ذریعے آئینی ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ ایک یقینی معین وقت کے اندر الیکشن کروائے۔
غور طلب ہے کہ ریزرویشن کی 50 فیصد کی حد کی خلاف ورزی کے سبب پانچ اضلاع کی ڈسٹرکٹ کونسل اور اس کے تحت آنے والی 33 پنچایت کمیٹیوں کی سیٹیں خالی ہوئی تھیں جن پر ضمنی الیکشن کروانا ہے لیکن ریاستی حکومت نے وبا کو بنیاد بنا کر ضمنی الیکشن پر چھ ماہ کے لیے روک لگانے کی درخواست سپریم کورٹ سے کی تھی۔