بریکنگ نیوز: عامر خان نے اپنی بیوی کِرن راؤ سے علیحدی کا کیا اعلان
شادی کے 15 سال بعد عامر خان اور کرن راؤ نے اپنے تعلقات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ان کی راہیں جدا ہو رہی ہیں اور وہ دونوں شوہر اور بیوی نہیں رہیں گے
ممبئی: 3/جولائی۔ شادی کے 15 سال بعد بالی ووڈ کے سپر اسٹار اور مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور عامر خان اور کرن راؤ نے اپنے تعلقات ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جوڑے نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب ان کی راہیں جدا ہو رہی ہیں اور اب وہ دونوں شوہر اور بیوی کے بجائے علیحدہ زندگی گزاریں گے۔ اس خبر نے عامر خان کے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔
عامر خان اور کرن راؤ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ’’ان 15 خوبصورت سالوں میں ہم نے زندگی بھر کے تجربات اور ڈھیر ساری خوشیوں کا اشتراک کیا۔ ہمارے تعلقات اعتماد، محبت اور احترام پر مبنی تھے۔ اب ہم زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، جس میں ہم میاں بیوی کی طرح نہیں رہیں گے بلکہ شریک والدین اور ایک کنبہ کی طرح رہیں گے۔ ہم نے علیحدگی کا فیصلہ کچھ وقت پہلے کیا تھا اور اب جبکہ اسے عملی جامہ پہنانے کا وقت آ گیا ہے تو ہم بہتر محسوس کر رہے ہیں۔‘‘
دونوں نے مزید کہا کہ ’’ہم الگ الگ رہنے کے باوجود ایک دوسرے کے توسیع شدہ خاندان کی طرح زندگی گزاریں گے۔ ہم اپنے بیٹے آزاد کا پورا خیال رکھیں گے اور مشترکہ طور پر اس کی پرورش کریں گے۔ ہم فلموں، پانی فاؤنڈیشن اور دیگر منصوبوں پر بھی تعاون جاری رکھیں گے، جن کی ہم دل سے پرواہ کرتے ہیں۔‘‘
ہمارے تعلقات میں مستقل تعاون اور تفہیم کے لئے ہمارے اہل خانہ اور دوستوں کا بہت شکریہ، جن کے بغیر ہمیں یہ قدم اٹھانا اتنا محفوظ محسوس نہ ہوتا۔ ہم اپنے خیر خواہوں سے نیک خواہشات اور دعاؤں کے طلب گار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہماری طرح آپ بھی اس طلاق کو اختتام کے طور پر نہیں بلکہ ایک نئے سفر کے آغاز کے طور پر دیکھیں گے۔ شکریہ اور پیار۔‘‘
خیال رہے کہ عامر خان اور کرن راؤ کی ملاقات فلم ’لگان‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ کرن لگان فلم میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر رہی تھیں۔ کام کے دوران ہی دونوں ایک دوسرے کو دل دے بیٹھے اور 28 دسمبر 2005 کو دونوں نے شادی کر لی۔ 2011 میں ’سروگیٹ مدر‘ کی مدد سے ان کے بیٹے آزاد کی پیدائش ہوئی۔
پندرہ سالہ اس شادی میں کرن اور عامر نے متعدد نشیب و فراز کا سامنا کیا۔ کرن سے قبل عامر خان کی شادی رینا دتہ سے ہوئی تھی۔ تاہم، خیال کیا جاتا ہے کہ کرن سے عشق ہو جانے کی وجہ سے عامر نے ان سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ رینا دتہ سے عامر خان کے دو بچے عائرہ خان اور جنید خان ہیں۔