‘تعلیم ہماری–ہرحال میں جاری’ آئیٹا کی 15روزہ تعلیمی بیداری مہم کا 10جون سے آغاز
ممبئی: 8/جون (پی آر) میڈیا سیل، آئیٹا مہاراشٹر کی پریس ریلیز کے مطابق کورونا(کووڈ19) کی وباء سے سارا عالم متاثر ہے اور شعبہ ہائے حیات میں معیشت کے ساتھ ساتھ تعلیم کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ گذشتہ دیڑھ برس کے دوران اساتذہ ، طلبہ اور والدین و سرپرست – طلبہ کی تعلیمی دوری کو شدت سے محسوس کررہے ہیں۔ گذشتہ برس کے تجربات بتاتے ہیں کہ اگر طلبہ کو تعلیم سے جوڑنے کی بروقت کوشش نہیں کی گئی تو حالات مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ اساتذہ، والدین و سرپرست، طلبہ اور ذمہ داران سماج کا یہ فریضہ ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں اور اپنی استطاعت کے مطابق نئے تعلیمی سال کا استقبال کریں اور تعلیمی بیداری کے لیے سرگرم ہوجائیں ۔ اس ضمن میں اساتذہ کی کل ہند تنظیم آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسو سی ایشن(آئیٹا) ریاست بھر میں پندرہ روزہ تعلیمی بیداری مہم کا آغاز کررہی ہے۔ اس سلسلے کا افتتاحی پروگرام 10 جون 2021 کو آن لائن محترم مبارک کاپڑی (ماہر تعلیم و اسکالر) کی گفتگو سے ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرحیم شیخ (قومی صدر، آئیٹا) نے بتایا کہ “کووڈ 19 کے پیش نظر ہماری کوشش ہوگی کہ ہم طلبہ، اساتذہ، والدین و سرپرست حضرات کو تعلیم کے تئیں متحرک کرسکیں۔ ،مختلف رپورٹس کے مطابق ڈراپ آؤٹس میں اضافہ تشویشناک ہے جس کے لیے زمینی سطح پر کام کرتے ہوئے ترک تعلیم کے تناسب کو قابو میں کرنے کی کوشش کی جائے، طلبہ کو آن لائن اور آف لائن طریقہ تدریس سے جوڑنے کے حتی الامکان اقدامات کیے جائیں، تعلیم سے متعلق مختلف سماجی ذرائعوں سے بیداری کی کوششیں کی جائے۔ ان مقاصد کے حصول کے لیے آئیٹا کے تمام ذمہ داران و ممبران اپنے اپنے علاقوں میں اسکولوں، تعلیمی اداروں ، مساجد اور سماجی و فلاحی تنظیموں کے ذمہ داران کی مدد سے کام کریں گے۔”
سید شریف (ریاستی صدر، آئیٹا مہاراشٹر) نے اس موقع پر اس مہم کی منصوبہ بندی اور لائحہ عمل سے متعلق بتایا کہ، ” آئیٹا نے ریاستی سطح پر ایک مرکزی کمیٹی کا تعین کیا ہے جو اس مہم کے مقاصد ، سرگرمیاں اور لائحہ عمل کو ترتیب دینے کی ذمہ دار ہے۔ باہمی مشوروں سے یہ طے پایا ہے کہ اس بیداری مہم میں ہر علاقے میں کووڈ19 کے پروٹوکالس کا خیال رکھتے ہوئے تعلیمی بیداری کے اقدامات کیے جائیں گے۔ ان اقدامات میں تعلیمی گشت، اساتذہ و سرپرست حضرات سے ملاقات، آئمہ مساجد کو اس عنوان کے تحت خطبہ جمعہ کی گذارش، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور سبکدوش اساتذہ کی خدمات، اخبارات میں تعلیمی بیداری سے متعلق مضامین کی اشاعت، محلہ کمیٹی اور ٹرسٹیان مساجد سے ملاقات کرکے انھیں صورتحال سے واقف کرانا اور تعاون کی درخواست کرنا، آن لائن تدریس کے لیے اساتذہ کے ورکشاپ کا انعقاد کرنا، وغیرہ شامل ہیں۔”
عتیق احمد (ریاستی سیکریٹری، آئیٹا مہاراشٹر) نے کہا کہ، ” ہم تمام کی یہ مشترکہ کاوشیں وقت کی اہم ضرورت ہیں اور سماج کے تمام طبقات کو ایک ساتھ مل کر اس تعلیمی بیداری مہم کا حصہ بننا چاہیے۔ اسے آئیٹا کی حد تک محدود نہ رکھتے ہوئے ہماری کوشش ہوگی کہ دیگر تعلیمی و سماجی ادارے و تنظیمیں اس ضمن میں کام کریں۔ یہ مہم 15 جون سے 30 جون 2021 تک ریاست گیرمنائی جارہی ہے اور اس تعلق سے مختلف آن لائن اور آف لائن پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ کئی ایک پروگرام ہم نے ترتیب دیے ہیں جن کی تفصیل واٹس اپ اور سوشل میڈیا کے دیگر ذرائع سے لوگوں تک پہنچائی جائیں گی۔ اس سلسے میں ہم لوگوں کی تجاویز اور مشوروں کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں۔”
نعیم خان (کنوینر، تعلیمی بیداری مہم) نے بتایا کہ، “تعلیمی بیداری مہم کا آغاز 10 جون 2021 کے افتتاحی پروگرام سے ہوگا۔ جس میں محترم مبارک کاپڑی(ماہر تعلیم و معروف اسکالر) طلبہ، اساتذہ، والدین و سرپرست سے اظہار خیال کریں گے۔ اگر چہ ریاستی سطح پر اس بیداری مہم کی معیاد 15 تا 30 جون 2021(پندرہ دن) ہے لیکن ہماری کوشش ہوگی کہ افتتاحی پروگرام میں پیش کردہ رہنمایانہ خطوط کی روشنی میں ہر یونٹس اپنے علاقوں میں کام کرے۔ اس مہم سے متعلق کسی بھی مشورے و تجاویز کے لیے 9890670484 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔”