ریاستوں سےمہاراشٹرا

مہاراشٹر نارتھ SIO نے بورڈ امتحانات کی منسوخی کے فیصلہ کا کیا استقبال

ناگپور، 3 /جون (پی آر) شعیب عاصم میڈیا سکریٹری، اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا، مہاراشٹر نارتھ زون کے مطابق سی بی ایس ای کلاس 12 کے بورڈ امتحانات کی منسوخی کے بعد آج مہاراشٹر کی وزیر تعلیم ورشاگائیکواڈ نے ریاست میں ایچ ایس سی بورڈ امتحانات کو منسوخ کر دیا ہے۔ اس فیصلے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ملک کی سب سے بڑی مسلم طلباء تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن مہاراشٹر نارتھ زون نے اس فیصلے کا استقبال کیا ہے۔

ایس آئی او مہاراشٹر نارتھ زون نے اپنے پریس بیان میں کہا ہے کہ مہاراشٹر حکومت کے اس فیصلے سے لاکھوں طلباء اور والدین نے راحت کی سانس لی ہے۔ ہم کافی عرصہ سے مطالبہ کر رہے تھے کہ بورڈ امتحانات جلد از جلد منسوخ کیے جائیں، تاکہ طلبہ اور والدین میں پھیلی بے چینی ختم ہو۔ اس سلسلے میں ایس آئی او نے مرکزی وزارت تعلیم کو بھی مکتوب روانہ کرکے امتحانات رد کرنے کی مانگ کی تھی اور حال ہی میں مرکزی وزیر تعلیم رمیش پوکھریال کو خط لکھ کر فزیکل امتحانات کی بجائے متبادل راستے تجویز کیے تھے۔

اس فیصلے میں ہوئی تاخیر پر تنقید کرتے ہوئے ایس آئی او نے کہا کہ فیصلے میں ہوئی تاخیر کی وجہ سے طلباء کو ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کئی جگہوں پر خودکشی کے معاملات بھی درج ہوئے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ تعلیم اور صحت کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے۔ ایس آئی او نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ اسٹیٹ بورڈ اور تعلیمی ماہرین کے ساتھ مل کر طلباء کے رزلٹ اور کالجز میں داخلہ کے ضمن میں مناسب اور منصفانہ گائیڈ لائن جاری کرے تاکہ مستقبل میں طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے سلسلے میں کسی بھی دشواری یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر ایس آئی او، حلقہ شمالی مہاراشٹر کے صدر طارق ذکی نے کہا کہ حکومت نے کووڈ 19 وبا کی سنگین صورتحال اور طلباء کی جسمانی و ذہنی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم فیصلہ لیا ہے۔ اس فیصلہ سے بارہویں بورڈ امتحانات کے تعلق سے چھائی غیر یقینی کی کیفیت دور ہوگئی ہے اور طلباء کو ذہنی تناؤ سے چھٹکارا ملا ہے۔ حکومت اور اسٹیٹ ایجوکیشن بورڈ نے اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ پروموٹ کیے گئے طلباء کو مستقبل میں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں کوئی دشواری نہ پیش آئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!