اترپردیشایڈیٹر کے نامریاستوں سے

ٰایس ڈی پی آئی کے وفد نے متوفی فیصل کے اہل خانہ سے ملاقات کی

نئی دہلی: 29/مئی (پی آر) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کے قومی نائب صدر اڈوکیٹ شرف الدین احمد کی قیادت میں ایس ڈی پی آئی کے ایک وفد نے 27/مئی کو بنگرا مؤ ضلع، اناؤ، اترپردیش میں واقع مقتول فیصل حسین کے سوگوار کنبہ سے ملاقات کی اور نوجوان کی وحشیانہ پٹائی اور موت کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کی۔ متوفی فیصل حسین کے گھر والوں نے وفد کو بتا یا کہ فیصل حسین کو 21مئی 2021کو پولیس اہلکار کانسٹیبل وجئے چودھری اور دوسرے پولیس اہلکار نے ملکر دن کی روشنی میں پولیس اسٹیشن لے جاکر بے دردی سے مار پیٹ کی جس کے سبب اس کی موت ہوگئی۔

تھانہ بنگرا مؤ میں کانسٹیبل کی حیثیت سے اپنی پوسٹنگ کے بعد وجئے چودھری نامی ایک کانسٹیبل نے دوکانداروں اور فرش فروشوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ 21مئی کو جب وجئے چودھری بازار آیا تو سبزی فروش اور دوسرے دوکاندار وہاں سے بھاگ گئے، لیکن فیصل کو پکڑ لیا گیا اور اس کے بعد اسے بے دردی سے مارا پیٹا گیا۔ اسے وجے چودھری اور اس کے ساتھی نے زبردستی موٹر سائیکل پر بٹھاکر پولیس اسٹیشن لے گئے۔ ایس آئی اور دیگر پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں تھانے میں متوفی فیصل حسین کو مار پیٹ کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ اس واقعے کی ویڈیو بڑے پیمانے پر پھیلائی گئی ہے۔ اہل خانہ نے وفد کو مزید بتایا کہ ان کیلئے واحد کمانے والے کو پولیس اہلکاروں نے موت کے گھاٹ اتارا ہے۔

اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی اور ان میں سے تین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انیس سالہ فیصل خاندان کا واحد کمانے والا تھاجو اپنی رہائش گاہ کے قریب واقع سبزی منڈی کے فرش پر سبزیوں کو خوردہ فروشی کا کاروبار کررہا تھا۔ متوفی فیصل کا کنبہ روایتی طور پر سبزیوں کاکاروبار کرتا آرہا تھا۔ فیصل کے والد اسلام حسین شدید دمہ اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں، فیصل کا بڑا بھائی یعنی صفیان کو بھی فلاریائسس اور آنکھوں کی بیماری سے دوچار ہے۔ چھوٹابھائی ایان صرف 14سال کا ہے، لہذا اس کنبے کی ساری مالی ذمہ داری فیصل عائد تھی اور وہ سبزیاں فروخت کرکے اپنا خاندان چلا رہا تھا۔

متوفی فیصل کا خاندان غربت کا شکار ہے لیکن حکومت یا کسی اور تنظیم کی جانب سے اب تک ان کو کوئی مالی امداد فراہم نہیں کی گئی ہے۔ خاندان کے زیادہ تر افراد بیمار ہیں، شادی شدہ بہن کو بھی پچھلے تین سالوں سے شوہر کے گھر سے بے دخل کردیا گیا ہے اور اس کا بوجھ بھی متوفی فیصل کے اہل خانہ پر پڑا ہے۔ یہ خاندان ایک گھر کے خستہ حال کمرے میں رہتا ہے۔ فیصل کے کنبے کا کوئی بھی فر د تعلیم یافتہ نہیں ہے اور نہ ہی خاندان کی ضروری اخراجات برداشت کرنے کیلئے پیسہ کمانے کے قابل ہے۔ ایس ڈی پی آئی کے وفد میں قومی نائب صدر اڈوکیٹ شرف الدین کے علاوہ اتر پردیش آرگنائزنگ سکریٹری محمد سلیم خان، ہارون رشید اور یونس صدیقی کانپور سے شامل تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!