ضلع بیدر سے

ڈاکٹرممتاز احمد خان کے انتقال پر محمد آصف الدین بیدر کا اظہارِ تعزیت

ڈاکٹر ممتاز احمد خان صاحب کے انتقال سے ملت ایک عظیم تعلیمی رہنما سے محروم ہو گئی: محمد آصف الدین،بیدر

بیدر28 /مئی (پی ار) محمد آصف الدین صاحب سکریٹری وزڈم ادارہ جات، بیدر و لائف ممبر الامین ایجوکیشنل سوسائٹی بنگلور نے ڈاکٹر الحاج ممتاز احمد خان صاحب کے سانحہ ئ ارتحال پر اپنے شدید رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ والد محترم جناب محمد اکرام الدین صاحب مرحوم سے ڈاکٹر صاحب کے خاص مراسم تھے اور ڈاکٹر صاحب نے انہیں بیس سال سے زائد (آخری عمر تک) الامین ایجوکیشنل سوسائٹی ضلع بیدر کی رضا کارانہ خدمات انجام دینے کا موقع دیا اور والد محترم کی بے لوث اور فعال خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایوارڈ سے نوازا۔ڈاکٹر صاحب کئی بار بیدر تشریف لائے، اپنے آخری دو دوروں کے موقع پر ہمارے گھر مہمان رہے۔ آج کرناٹک ہی نہیں ملک کی ایسی شمع گل ہو گئی، جس نے تعلیم کے کئی چراغ روشن کیے تھے، انا للہ و انا الیہ راجعون۔

ڈاکٹر الحاج ممتاز احمد خان صاحب ایک فرد نہیں ایک تحریک تھے، ان کی شخصیت اور ان کی سوچ لوگوں کو متحرک بنا دیتی تھی۔ آپ کی تحریک نے کشمیر سے کنیا کماری تک بے شمار تعلیمی اداروں کو جنم دیا۔آزادی کے بعد جنوبی ہند کے سر سید کہے جانے لگے اور بابائے تعلیم کے لقب سے مشہور ہوئے، آپ نے ملک میں پہلا اقلیتی میڈیکل کالج قائم کر کے ایک نظیر چھوڑی۔ بنگلور اور ملک کے دیگر شہروں میں الامین ہاسپٹلس قائم کئے۔ تعلیم ہی نہیں مسلمانوں کی معاشی ترقی کے لیے بھی آپ کی تاریخی خدمات رہیں۔ آپ کے انتقال سے ملت اسلامیہ ایک عظیم تعلیمی رہنما سے محروم ہو گئی، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحوم کی گراں قدر خدمات و حسنات کوقبول فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے، ان کے پسماندگان میں اہلیہ،ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔

اہلیہ محترمہ زرین تاج صاحبہ (کامیاب مرد کے پیچھے خاتون کا ہاتھ ہوتا ہے) کو ہم سلام کرتے ہیں کہ ان کے تعاون و ایثار و قربانی کے کی وجہ سے ڈاکٹر صاحب نے انقلابی کارنامہ انجام دیا۔ مرحوم کے صاحبزادے جناب عمر اسماعیل خان صاحب جوائنٹ سکریٹری کی حیثیت سے بحسن و خوبی خدمات انجام دے رہے ہیں، والد محترم کی طرح بڑے حوصلہ مند اور قائدانہ صلاحیت کے مالک ہیں۔

پسماندگان میں صرف گھر ہی نہیں بلکہ پوری الامین تحریک کی فیملی شامل ہے، خصوصاًالامین رتنا جناب سبحان شریف صاحب اعزازی سکریٹری الامین ایجوکیشل سوسائٹی اورجناب سیدمحبوب علی صاحب (چٹگوپہ)ایگزکٹیو ممبر الامین ایجوکیشل سوسائٹی بنگلور و صدر الامین ایجوکیشل سوسائٹی ضلع بیدر و دیگر الامین سو سائٹی کے عہدیداران، ایگزکٹیو ممبران اور ملک و بیرون ملک میں پھیلے ہوئے الامین تحر یک سے منسلک تمام متاثرین و غم زدہ سوگواروں کو اپنی جانب سے تعزیت پیش کرتا ہوں کہ انہیں اللہ تعالیٰ صبر جمیل عطا فرمائے۔ ڈاکٹر صاحب کے عظیم تعلیمی تحریک کو اور ان کے منصوبوں کو آگے بڑھانے اور تکمیل تک پہچانے کی طاقت و ہمت دے، اور الامین تحریک کو ڈاکٹر صاحب کا نعم البدل عطا فرمائے۔ آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!