کھانسی اور چھینک سے 10 میٹر تک پھیل سکتا ہے کورونا۔۔۔!
حکومت کے سائنسی مشیر دفتر کا کہنا ہے کہ کورونا سے متاثر شخص کے ڈراپلیٹس ہوا میں دو میٹر تک جا سکتے ہیں جب کہ ایروسول ان ڈراپلیٹس کو 10 میٹر تک آگے بڑھا سکتے ہیں اور انفیکشن کا خطرہ پیدا کر سکتا ہے۔
ہندوستان میں کورونا کی دوسری لہر سے افرا تفری کا ماحول ہے۔ اسی درمیان حکومت نے یہ مانا ہے کہ ہوا سے کورونا وائرس پھیل سکتا ہے۔ مرکزی حکومت کے پرنسپل سائنسی مشیر دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایروسول اور ڈراپلیٹس کورونا وائرس کے پھیلنے کے اہم اسباب ہیں۔ کورونا سے متاثرہ شخص کے ڈراپلیٹس ہوا میں دو میٹر تک جا سکتے ہیں، جب کہ ایروسول ان ڈراپلیٹس کو 10 میٹر تک آگے بڑھا سکتا ہے اور انفیکشن کا خطرہ پیدا کر سکتا ہے۔
حکومت کے سائنسی مشیر نے انفیکشن روکنے کے لیے گائیڈلائن بھی جاری کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بغیر علامت والے کورونا متاثرہ مریض کی چھینک اور کھانسی سے بھی وائرس پھیل سکتا ہے۔ اس کے علاوہ زمین پر گرے چھینک اور کھانسی سے نکلے ذرات بھی انفیکشن کا سبب ہو سکتے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، زمین پر کھانسی، چھینک، تھوک اور بلغم کے ذرات طویل مدت کے لیے وائرس پھیلنے کی وجہ بن سکتے ہیں۔
حکومت کی گائیڈلائن میں ونٹلیشن والے گھروں، دفاتر وغیرہ میں متاثر ہوا کے وائرل لوڈ کو کم کرنے میں اہم کردار پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ ونٹلیشن ایک متاثرہ شخص سے دوسرے میں انفیکشن کے خطرے کو کم کر سکتا ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق سرجیکل ماسک اگر آپ پہنتے ہیں تو اس کا استعمال ایک ہی بار کیا جا سکتا ہے۔ حالانکہ ڈبل ماسک کو آپ 5 مرتبہ پہن سکتے ہیں۔