دہلی پولیس کا امداد فراہم کرنے والوں سے پوچھ گچھ کرنا سیاسی انتقام کے سوا کچھ نہیں: ایس ڈی پی آئی
نئی دہلی: 15/مئی (پی آر) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کے قومی جنرل سکریٹری کے ایچ عبدالمجید نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں دہلی میں کوویڈ وبائی مرض سے متعلق امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے انڈین یوتھ کانگریس کے صدر شری نیواس بی وی سے دہلی پولیس کی جانب سے پوچھ گچھ کا سخت نوٹس لیا ہے۔
عبدالمجید نے مزید کہا ہے کہ شری نیواس بیمار کوویڈ متاثرین کو طبی امداد فراہم کرنے میں سرگرم عمل تھے، یہاں تک کہ غیر ملکی سفارتی اہلکار بھی اس سلسلے میں ان کی مدد لیتے تھے،پولیس کا یہ اقدام عدالت کے حکم کی تعمیل کہا جارہا ہے، یہ انتہائی مایوس کن اور مضحکہ خیز ہے۔ پریشان کن اور سنگین صورتحال یہ ہے کہ حکومت تباہ کن کوویڈ وبائی مرض میں مبتلا شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، انسانی ہمدردی رکھنے والا ہر فرد ملک بھر میں کوویڈ مریضوں کی مدد کیلئے میدان عمل میں ہے اور شری نیواس بی وی بھی کوویڈ وبائی مرض میں مبتلا افراد کو آکسیجن اور طبی مدد فراہم کرنے میں سرگرم عمل تھے۔ سنگھ پریوار جن کی بنیاد ہی تعصب اور نفرت پر رکھی گئی ہے وہ ہمیشہ ہی کسی بھی انسانی ہمدردی والے سرگرمی کے خلاف رہا ہے۔
ڈاکٹر کفیل خان کو بھی یو پی میں اسی طرح کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا کیونکہ انہوں نے مرنے والے بچوں کو آکسیجن حاصل کرنے میں مدد کی تھی۔ وبائی مرض پر موثر انداز میں قابو کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہونے کی وجہ سے ملک کی ساکھ عالمی سطح پر کم ہوگئی ہے۔ حکومت کا اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے انڈین یوتھ کانگریس کے رہنما سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔ دراصل عدالت کا حکم ان سیاستدانوں کو لئے تھا جن پر مبینہ طور پر ریمڈیسیورخریدنے اور تقسیم کرنے کاالزام تھا اور جرم کرنے کی صورت میں ایف آئی آر درج کرنے کیلئے عدالت نے حکم دیا تھا۔
ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری عبدالمجید نے اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک ریمڈیسیور گھوٹالہ کے سلسلے میں درج تمام مقدمات میں ملوث ملزمان سنگھ پریوار سے منسلک ہیں اور سنگھ پریوار کے رہنماؤں سے پوچھ گچھ کرنے کے بجائے ایک ایسے سماجی کارکن سیاستدان سے پوچھ گچھ کرنا جو ضرورت مندوں کی شفافیت سے مدد کرتا رہا ہے، یہ سیاسی انتقامی کارروائی کے سوا اور کچھ نہیں ہے اور یہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ عبدالمجید نے اختتام میں کہا ہے کہ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا دہلی پولیس کی کارروائی کی مذمت کرتی ہے اور شری نیواس کو ان کے تمام انسان دوست سرگرمیوں میں غیر مشروط مدد کی پیش کش کرتی ہے۔