حکومت ہند، فلسطین کے نہتے لوگوں پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرے: مہاراشٹر کانگریس
اس موقع پر نسیم خان نے کہا، ’’حکومت ہند کو اسرائیلی مسلح افواج کی جانب سے کئے جا رہے ظلم و ستم کی مذمت کرنی چاہیئے اور واضح پیغام دینا چاہیئے کہ ہندوستان فلسطینیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔‘‘
ممبئی: مہاراشٹر کانگریس نے بدھ کے روز مطالبہ کیا کہ مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومت کو رمضان کے مقدس مہینے کے آخر میں یروشلم میں واقع مسجد الاقصیٰ پر اسرائیلی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرنی چاہیئے، جہاں بڑی تعداد میں نہتے مسلمانوں کی جان گئی ہے۔ سابق وزیر اور کارگزار صدر نسیم خان کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کی اور ایک مکتوب ان کے حوالہ کیا۔
اس موقع پر نسیم خان نے کہا، ’’حکومت ہند کو اسرائیلی مسلح افواج کی جانب سے کئے جا رہے ظلم و ستم کی مذمت کرنی چاہیئے اور واضح پیغام دینا چاہیئے کہ ہندوستان فلسطینیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔‘‘
اس وفد میں سابق رکن پارلیمنٹ عبید اللہ کے اعظمی، سابق رکن اسمبلی یوسف ابرہانی، رضا اکادمی کے کنوینر سعید نوری اور دیگر لوگوں نے گورنر کو بتایا کہ یروشلم میں جب لوگ نماز ادا کر رہے تھے تو معصوموں اور خواتین پر اسرائیلی فوجیوں نے اندھادھند گولہ بناری کی۔ مسجد الاقصیٰ، خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے بعد سب سے مقدس مقام مانا جاتا ہے، وہاں حملے کئے گئے۔
وفد نے ان حملوں کا موازنہ جرمنی میں ہٹلر کی جانب سے یہودیوں کے قتل عام سے کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہندوستان اور عالم اسلام میں سخت غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ نسیم خان نے کہا کہ ان بزدلانہ حملوں کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہروں کا منصوبہ بنا رہے تھے لیکن کووڈ 19 لاک ڈاؤن اور پابندیوں کے پیش نظر تحمل اختیار کرتے ہوئے فیل الحال یہ اقدام نہیں لیا جا رہا ہے۔ تاہم حکومت ہند کو اسرائیلی کی مذمت کر کے فلسطین کے لوگوں کے تئیں ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیئے۔