خبریںقومی

پرگیہ کے بیان پرآئی پی ایس ایسوسی ایشن نےکی مذمت

نئی دہلی: ملک کے آئی پی ایس ایسوسی ایشن نے 2008 مالیگاؤں بم بلاسٹ  کی ملزم اور بھوپال لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی کی امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے ذریعے 2008 ممبئی دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے مہاراشٹر اے ٹی ایس کے چیف ہیمنت کرکرے کے بارے میں دیے گئے بیان کی مذمت کی ہے۔

جمعہ کو ٹوئٹ کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کی طرف سے لکھا گیا، ‘ اشوک چکر یافتہ سورگیہ شری ہیمنت کرکرے، آئی پی ایس نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے سب سے بڑی قربانی دی۔ ہم ان کے ساتھی ، ان کے بارے میں ایک امیدوار کے ذریعے کئے گئے توہین آمیز بیان کی مذمت کرتے ہیں اور مانگ کرتے ہیں کہ تمام شہیدوں کی قربانی کا احترام  کیا جائے۔ ‘

غور طلب ہے کہ جمعرات کو پرگیہ ٹھاکر نے بھوپال میں ہوئے ایک جلسہ کے دوران کہا تھا کہ ہیمنت کرکرے کے بارے میں کہا کہ ان کی موت ہوئی کیونکہ میں نے شراپ دیا  تھا کہ اس کا سروناش ہوگا۔پرگیہ ٹھاکر ستمبر 2008 میں مہاراشٹر کے مالیگاؤں میں ہوئے ایک بم دھماکے کے سات ملزمین میں سے ایک ہے، جن پر اس معاملے میں مقدمہ چل رہا ہے۔ معاملے کی تفتیش کرکرے کی قیادت میں مہاراشٹر اے ٹی ایس نے کی تھی۔

اس جلسہ کے ایک ویڈیو میں پرگیہ ٹھاکر بولتی دکھ رہی ہیں کہ، ‘ ہیمنت کرکرے کو انہوں نے ممبئی بلایا۔ میں ممبئی جیل میں تھی اس وقت۔ جانچ جو بٹھائی تھی، تو سکیورٹی  کمیشن کے ممبر نے ہیمنت کرکرے کو بلایا اور کہا کہ جب ثبوت نہیں ہے تمہارے پاس تو سادھوی جی کو چھوڑ دو۔ ثبوت نہیں ہے تو ان کو رکھنا غلط ہے، غیرقانونی ہے۔ وہ آدمی کہتا ہے کہ میں کچھ بھی کروں‌گا، میں ثبوت لےکر آؤں‌گا۔ کچھ بھی کروں‌گا، بناؤں‌گا، کروں‌گا، ادھر سے لاؤں‌گا، ادھر سے لاؤں‌گا لیکن میں سادھوی کو نہیں چھوڑوں‌گا۔ ‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کو حراست میں اذیتیں دی جاتی تھیں، گالیاں دی جاتی تھیں۔ انہوں نے کہا، ‘ اتنی اذیتیں دیں، اتنی گندی گالیاں دیں جو ناقابل برداشت تھی میرے لئے۔ اور میرے لئے نہیں کسی کے لئے بھی۔ میں نے کہا تیرا سروناش ہوگا۔ ٹھیک سوا مہینے میں سوتک لگتا ہے۔ جب کسی کے یہاں موت ہوتی ہے یا پیدا ہوتا ہے، سوتک لگتا ہے جس دن میں گئی تھی اس دن اس کے سوتک لگ گیا تھا۔ ٹھیک سوا مہینے میں جس دن اس کو دہشت گردوں نے مارا اس دن سوتک کا خاتمہ ہو گیا۔ ‘

وہ آگے کہتی ہیں، ‘ یہ اس کی مکاری تھی۔ یہ غدار وطن تھا، یہ مذہب کے خلاف تھا۔ تمام سارے سوال کرتا تھا۔ ایسا کیوں ہوا، ویسا کیوں ہوا؟ میں نے کہا مجھے کیا پتا بھگوان جانے۔ تو کیا یہ سب جاننے کے لئے مجھے بھگوان کے پاس جانا پڑے‌گا۔ میں نے کہا بالکل اگر آپ کو ضرورت ہے تو ضرور جائیے۔ آپ کو یقین کرنے میں تھوڑی تکلیف ہوگی، دیر لگے‌گی۔ لیکن میں نے کہا تیرا سروناش ہوگا۔ ‘

پرگیہ ٹھاکر گزشتہ  بدھ کو بی جے پی میں شامل ہوئی ہیں اور پارٹی نے ان کو مدھیہ پردیش کی بھوپال لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے سینئر رہنما دگوجئے سنگھ کے خلاف اتارا ہے۔

پرگیہ ٹھاکر کے اس متنازعہ بیان پر کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی سے معافی کی مانگ کی اور کہا کہ وہ پرگیہ کے خلاف کارروائی کریں۔پارٹی کے ترجمان رندیپ سرجےوالا نے پرگیہ کے مبینہ متنازعہ بیان سے جڑے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا، ‘ مودی جی، صرف بھاجپائی ہی 26/11 کے شہید ہیمنت کرکرے کو غدار وطن اعلان کرنے کا جرم کر سکتے ہیں۔ یہ ملک کے ہر فوجی کی توہین ہے جو دہشت گردی سے لڑتے ہوئے بھارت ماں کے لئے جانوں کی قربانی دیتا ہے۔ ‘

انہوں نے کہا، ‘ آپ ملک سے معافی مانگیے اور پرگیہ پر کارروائی کیجیے۔ ‘وہیں دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی پرگیہ سنگھ کے اس بیان کی تنقید کی ہے۔کیجریوال نے ٹوئٹ کیا، ‘ 26/11  کے شہید ہیمنت کرکرے جی پر بھوپال سے بی جے پی کی لوک سبھا امیدوار پرگیہ ٹھاکر کے غیر مہذب بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔ بی جے پی اپنا اصلی رنگ دکھا رہی ہے اور اس کو اب اس کی جگہ دکھا دینی چاہیے۔ ‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!