آکسیجن کی قلت سے مریضوں کی موت، سرکاری سطح پر قتل عام، ایس ڈی پی آئی کا اظہارِغم وغصہ
بنگلور: 6/مئی (پی آر) کرناٹک کے چامراج نگر ضلعی دفتر میں ایک منعقدہ پریس کانفرنس میں سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے قومی جنرل سکریٹری عبدالمجید نے بات کرتے ہوئے ریاستی حکومت پر الزام لگایا کہ چامراج نگر کے کوویڈ اسپتال میں آکسیجن کی قلت سے 24مریضوں کی موت کیلئے حکومت براہ راست ذمہ دارہے۔ یہ کوئی معمولی سانحہ نہیں ہے بلکہ حکومت کی لاپرواہی کی وجہ سے ہونے والا قتل عام ہے۔ حکومت نے آکسیجن کی قلت کو سنجیدگی سے لیا جس سے یہ المناک سانحہ پیش آیا ہے۔ اس کیلئے وزیر اعلی سمیت، رکن پارلیمان، وزیر صحت اور ضلعی انچارج اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فوری مستعفی ہونا چاہئے۔
عبدالمجید نے ضلعی افسران، ضلعی صحت افسران کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کرنے اور اس واقعہ کا عدالتی تحقیق کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری عبدالمجید نے مطالبہ کیا مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کرے کیونکہ ریاست بھر کے مختلف اضلاع میں آکسیجن کی قلت کی وجہ سے اموات کی اطلاعات آرہی ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر حکومت اس طرح کی بدنظمی اور لاپرواہی کے ساتھ کام کرے گی تو ریاست میں اموات میں اضافہ ہوگا۔
قبل ازیں ایس ڈی پی آئی قومی جنر ل سکریٹری عبدالمجید کی قیادت میں ایک وفد نے مہلوکین کے خاندان والوں سے ملاقات کی اور تعزیت کی۔ اس موقع پر ریاستی سکریٹری ابرار احمد، ریاستی ورکنگ کمیٹی ممبر امجد پاشاہ، چامراج نگر ضلعی صدر خلیل اللہ اور ضلعی جنر ل سکریٹری مہیش، ضلعی نائب صدر سید عارف اور میونسپل کونسلر سمیع اللہ اور محمد عمیق موجود رہے۔