ریاستوں سےمغربی بنگال

عہدہ سنبھالتے ہی ممتابنرجی نے کئی افسران بدلے، سخت کورونا پابندیوں کا بھی کیا اعلان

الیکشن کمیشن کی جانب سے مغربی بنگال کے ڈی جی پی بنائے گئے نیرج نین پانڈے کو محکمہ دمکل بھیج دیا گیا ہے، جب کہ اے ڈی جی جگموہن کو سول ڈیفنس۔

مغربی بنگال کی لگاتار تیسری مرتبہ کمان سنبھالنے کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پوری طرح سرگرم ہو گئی ہیں۔ ایک طرف انھوں نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا، تو دوسری طرف بنگال میں کورونا کے حالات سے نمٹنے کے لیے کئی سخت اقدام کا اعلان بھی کیا۔ بدھ کے روز ممتا بنرجی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’ہمارا آکسیجن مرکز لے کر چلی جا رہی ہے۔ کووڈ کو لے کر مرکز کی پالیسی شفاف نہیں ہے۔ میں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے، میں نے ان سے بہتر پالیسی بنانے کی گزارش کی ہے۔‘‘ اس کے ساتھ ہی ممتا بنرجی نے ڈی جی پی اور اے ڈی جی کو بدل دیا ہے اور سبھی ایس پی کو تشدد روکنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔

خبروں کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے مغربی بنگال کے ڈی جی پی بنائے گئے نیرج نین پانڈے کو محکمہ دمکل بھیج دیا گیا ہے، جب کہ اے ڈی جی جگموہن کو سول ڈیفنس۔ ان کی جگہ پر ویریندر کو ریاست کا نیا ڈی جی پی بنایا گیا ہے، جب کہ جاوید شمیم کو ریاست کا نیا اے ڈی جی بنایا گیا ہے۔

دوسری طرف کورونا کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مغربی بنگال میں کئی نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ اب ریاست میں ماسک لگانا لازمی کر دیا گیا ہے اور لوکل ٹرینوں کی آمد و رفت بھی کل سے بند ہوگی۔ علاوہ ازیں اب بازار صبح 7 سے 10 اور شام کو 5 سے 7 بجے تک ہی کھلیں گے۔ کسی بھی طرح کی سماجی یا سیاسی تقریب کے انعقاد پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ ’’کورونا کی حالت کو دیکھتے ہوئے ہمیں کچھ قدم اٹھانے ہوں گے۔ ماسک پہننا لازمی کر دیا گیا ہے، ریاستی حکومت کے دفاتر میں صرف 50 فیصد حاضری ہوگی، شاپنگ کمپلیکس، جِم، سنیما ہال، بیوٹی پارلر بند کیے جا رہے ہیں، سماجی اور سیاسی اجلاس کی اب کوئی اجازت نہیں ہوگی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’سبھی بازار، خوردہ دکانیں، اسٹینڈ اَلون دکانیں صبح 7 بجے سے 10 بجے تک اور شام 5 بجے سے شام 7 بجے تک ہی کھلیں گی۔ لوکل ٹرینوں کو کل سے معطل کیا جا رہا ہے۔ ریاستی ٹرانسپورٹ اور میٹرو اب 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ ہی چلیں گی۔‘‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!