رائچور: اسلامک سنٹر میں کوڈ ویاکسینیشن کیلئے خصوصی کیمپ کا انعقاد
رائچور: 5/مئی (پی آر) ناظم شعبہ نشرواشاعت،جماعت اسلامی ہند، رائچور کی اطلاع کے مطابق رائچورکے محکمہ صحت کے اہل کاروں کے تعاون واشتراک کے ساتھ جماعت اسلامی ہند شاخ رائچور کی جانب سے اسلامک سینٹر واقع کوٹ تلار میں کرونا وباء سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکے(vaccination) لگا نے کا انتظام کیا گیا۔رمضان المبارک کی مصروفیات اور لاک ڈاؤن کی پابندیوں کے پیش نظر‘ بطور خاص مسلمانوں کی سہولت کے لئے منعقدہ اس کیمپ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا جس کے تحت تقریباً 100 مرد وخواتین کو حفاظتی ٹیکے لگوائے گئے۔
اس موقع پر تعلقہ ہیلتھ آفسر (THO) ڈاکڑ محی الدین شاکرصاحب نے نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتظام45سال سے زائد عمر والوں کے لئے کیا گیا ہے۔حفاظتی ٹیکہ لگانے کے سلسلہ میں موصوف نے کہا کہ شوگر‘ بی پی اور دل کے امراض میں مبتلا لوگوں کو یہ ویاکسین اول فرصت میں لگالینی چاہئے۔ اس کے علاوہ دیگر امراض جیسے کینسر‘ جگر اور گردے وغیرہ میں مبتلا لوگ بھی یہ ٹیکہ لگا سکتے ہیں۔مزید کہا کہ مئی کے وسط تک 18سال سے زائد عمر والوں کے لئے حفاظتی ٹیکہ لگانے کا انتظام کیا جائے گا۔
اس کیمپ کے کامیاب انعقاد پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے امیر مقامی جماعت اسلامی ہند رائچور محمد عاصم الدین اختر صاحب نےمحکمہ صحت کے اہل کار آر سی ایچ ڈاکڑ وجئے صاحب‘ڈی ایچ او ڈاکڑ رام کرشنا صاحب اورٹی ایچ او ڈاکڑ محی الدین شاکر صاحب کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔اور کہا کہ اس عارضی مرکزسے مسلمانوں کی خاصی بڑی تعداد نے استفادہ کیا ہے۔ رمضان المبارک جیسے مصروف مہینے میں اس بہترین انتظام پر بڑی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت اور متعلقہ عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔
امیر مقامی محمد عاصم الدین صاحب نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اب جبکہ کرونا وباء عام ہوتی جارہی ہے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ مسلم اور غیر مسلم افراد اور ان کی تنظیموں کے جانب سے حکومت سے تعاون اور اشتراک ہو اور بڑے پیمانے پر محلہ واری سطحوں پر ٹیکہ لگوانے کے لئے عارضی کیمپوں کا انعقاد کیا جائے۔اس سے نہ صرف اس جان لیوا مرض سے حفاظت کا انتظام ہوگا بلکہ لوگوں میں اس کے تئیں بیداری‘غلط فہمیوں کا ازالہ اور حکومتی کارندوں کی محنت و جانفشانی کا اندازہ بھی ہوگا۔