ریاستی وزیرصحت سدھاکر فوری استعفیٰ دیں: ویلفیئر پارٹی
بنگلور: 4/مئی (پی آر) وزیر صحت سدھاکر کوفوری استعفی دینے کا مطالبہ ویلفیئر پارٹی آف انڈیانے کیا ہے۔پارٹی نے وزیر صحت کو غیرذمہ دار بتاتے ہوئے الزام لگایا کہ چامراج نگر میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے 24 افراد کی موت ہوگئی ہے۔ یہ حکومت اور ضلع انتظامیہ کی مکمل ناکامی ہے اور قابل سزا جرم ہے۔اس معاملے میں اعلیٰ سطح کی تحقیقات ہونی چاہئے اورقصورواروں کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کرنے کی مانگ کی ہے۔
مزید الزام لگایا کہ اعلیٰ نشستوں اور میڈیا کے ذریعہ بیانات سے حکومتی نمائندے باضابطہ وضاحت کررہے ہیں کہ کہیں بھی آکسیجن کی کمی نہیں ہے۔ لیکن حقیقت ہی کچھ اور ہے۔ مصائب کو ماننے کے بجائے سچائی کو چھپانے والے ان حکومتی نمائندوں ، وزراء اور افسران کو ہی ان اموات کا راست ذمہ دارمان کر مجرم ٹھہرایا جاناچاہئے۔
اس صورتحال کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہئے۔ جن لوگوں کی موت ہوئی ہے انکے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دیا جانا چاہئے۔ اسکے علاوہ مستقبل میں ایسے واقعات پیدا نہ ہونے پائے اس سے محتاط رہنے کی ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کرناٹکا نے زور دیا ہے۔