انتخابی نتیجوں کے بعد مودی اور شاہ کو مستعفی ہو جانا چاہئے: یشونت سنہا
یشونت سنہا نے کہا ہے کہ جس طرح بی جےپی کے اعلی رہنماؤں نےممتا بنرجی پر حملےکئے اور اس کے بعد بنگال کےعوام نے جو فیصلہ سنایا مودی اور شاہ کو استعفی دے دینا چاہئے۔
مغربی بنگال کےنتائج کے بعد بی جے پی اور اس کی اعلی قیادت کے خلاف حملہ تیز ہوگئے ہیں ۔ ترنمول کانگریس کے نائب صدر اور اٹل بہاری واجپئی کی کابینہ میں رہے سینئر وزیر یشونت سنہا نے صحافیوں سے خطاب کرتےہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو استعفی دے دینا چاہئے۔
ہزاری باغ سے تین مرتبہ رکن پارلیمنٹ رہے یشونت سنہا نے اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے خطاب کرتےہوئے کہا ہے کہ جس طرح بی جےپی کی اعلی قیادت نے ترنمول کانگریس کی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بینرجی پر ذاتی حملے کئے اس سے بنگال کے عوام بہت سخت ناراض ہیں اور مغربی بنگال کے نتائج اس ناراضگی کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شکست کی ذمہ داری وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور بی جےپی سربراہ جے پی نڈا کو لینی چاہئے۔
ایک سوال کے جواب میں یشونت سنہا نے کہا کہ اگلے سال اتر پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات پر اور 2024 کےعام انتخابات پر بھی مغربی بنگال کے نتائج کا اثر ضرور نظر آئے گا۔واضح رہے مغربی بنگال جہاں بی جےپی کی اعلی قیادت کا دعوی تھا کہ اس کو دوسو سےزیادہ سیٹوں پر کامیابی ملےگی لیکن نتائج میں وہ سو کےقریب سیٹیں بھی نہیں لا پائی ۔