جنرل

میری بددعاء سے ہیمنت کرکرے کو دہشت گردوں نےماردیا: سادھوی پرگیہ

نئی دہلی : 19اپریل (اےاین ایس) مالیگاؤں سیریل  بلاسٹ معاملے میں ملزم رہی اور بھوپال سے بی جے پی کی امیدوار سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے 26/11 ممبئی دہشت گردانہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے متنازعہ بیان دیا ہے ۔ این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق،انہوں نے اس وقت کے ممبئی اے ٹی ایس چیف ہیمنٹ کرکرے کے بارے میں قابل اعتراض بیان دیتے ہوئے کہا کہ ، میں نے کرکرے سے کہا تھا کہ تم تباہ وبرباد ہو جاؤگے ۔

پرگیہ نے مزید کہا کہ ، یہ اس کا ٹیڑھا پن تھا ۔ یہ وطن سے غداری تھی ، یہ دھرم کے خلاف تھا ۔ تمام سارے سوال کرتا تھا ۔ ایسا کیوں ہوا، ویسا کیوں ہوا؟ میں نے کہا مجھے کیا پتہ بھگوان جانے ۔ تو کیا یہ سب جاننے کے لیے مجھے بھگوان کے پاس جانا پڑے گا ۔ میں نے کہا بالکل اگر آپ کو ضرورت ہے تو ضرور جائیے۔ آپ کو یقین کرنے میں تھوڑی تکلیف ہوگی ۔دیر لگے گی ۔ لیکن میں نے کہا تم تباہ ہوجاؤگے ۔

پرگیہ نے آنجہانی ممبئی اے ٹی ایس چیف کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ، ہیمنت کرکرے نے ان کو غلط طریقے سے پھنسایا ۔ انہوں نے کہا کہ جب میں ممبئی جیل میں تھی اس وقت ایک افسر نے ہیمنت کرکرے کو بلایا اور کہا کہ جب ثبوت نہیں ہے تمہارے پاس تو سادھوی جی کو چھوڑ دو۔ ثبوت نہیں ہے تو ان کو رکھنا غلط ہے، غیر قانونی ہے۔ وہ شخص کہتا ہے کہ میں کچھ بھی کروں گا، میں ثبوت لےکرآؤں گا ۔ کچھ بھی کروں گا، بناؤں گا کروں گا، ادھر سے لاؤں گا، ادھر سے لاؤں گا لیکن میں سادھوی کو نہیں چھوڑوں گا۔

آج تک کی ایک خبر کے مطابق، پرگیہ نے کہا کہ کرکرے نے مجھے غلط طریقے سے پھنسایا ، میں نے ان کو بتایا تھا کہ تمہارا پورا خاندان ختم ہوجائے گا، وہ اپنے اعمال کی وجہ سے مرے ہیں ۔

اس موقع پر پرگیہ نے کانگریس کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ان کے خلاف سازش کی۔ قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے پرگیہ کو کانگریسی رہنما دگوجئے سنگھ کے خلاف میدان میں اتارا ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!