آکسیجن کی قلت معاملہ پر دہلی ہائی کورٹ مرکز پر ہوا سخت
ہائی کورٹ میں دہلی حکومت نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت آکسیجن کی فراہمی میں رخنات ڈال رہی ہے۔ اس نے دعویٰ کیا ہے کہ مشکل سے نمٹنے کے لیے حکومت کوئی بھی مضبوط قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔
ہندوستان میں آکسیجن کی قلت کے بعد عدالت بھی سرگرم ہے۔ راجدھانی دہلی میں ہوئی آکسیجن کی کمی کو لے کر ہائی کورٹ میں آج سماعت ہوئی جس میں دہلی حکومت نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ حکومت نے مرکز پر آکسیجن سپلائی اٹکانے کا الزام عائد کیا ہے، ساتھ ہی دعویٰ کیا ہے کہ مرکزی حکومت صرف حکم ہی جاری کر رہی ہے۔ مرکزی حکومت نے بھی کہا ہے کہ آکسیجن سپلائی کو بڑھایا جا رہا ہے۔ اس پر عدالت نے مرکزی حکومت سے ضروری قدم اٹھانے کے لیے کہا۔
ہائی کورٹ میں دہلی حکومت نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت آکسیجن کی فراہمی میں رخنات ڈال رہی ہے۔ اس نے دعویٰ کیا ہے کہ مشکل سے نمٹنے کے لیے حکومت کوئی بھی مضبوط قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے صرف حکم جاری کیے جا رہے ہیں۔ حکومت نے کہا ہے کہ مرکز اپنے کام میں پوری طرح ناکام ہوا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے عدالت سے مرکز کی ذمہ داری طے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری طرف عدالت نے بھی دہلی میں جاری حالات پر فکر کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہائی کورٹ نے کہا کہ راجدھانی میں کئی دیگر ریاستوں سے بھی مریض علاج کرانے پہنچ رہے ہیں۔ کسی مریض کو علاج کے لیے منع نہیں کیا جا سکتا ہے۔ دہلی سمیت ممبئی اور ملک کے کئی دیگر حصوں میں آکسیجن کی کمی کی خبریں آئی ہیں۔ فی الحال اس کمی کو دور کرنے کے لیے آکسیجن ایکسپریس اور نئے پلانٹ جیسی ترکیبیں کی جا رہی ہیں۔