سید ذوالفقارہاشمی کے انتقال پر ضلع بیدر کی مختلف شخصیات کا اظہارِتعزیت
بیدر: 26/اپریل (اے ایس ایم) علامہ مولانا سید شاہ تنویر ہاشمی صدر جماعت اہلسنت کرناٹک نے جناب سید ذوالفقار ہاشمی سابق ایم ایل اے کے انتقال پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید ذوالفقار ہاشمی سے ہمارے دیرینہ بڑے اچھے تعلقات تھے وہ اپنی ذات میں ایک قدآور ہمہ جہتی شخصیت کے مالک تھے۔ انہیں ملت اسلامیہ کا بڑا درد تھا وہ جہاں بے باک قائد تھے وہیں بے باک مقرر بھی تھے وہ اپنی اسی بے باکی کے ساتھ اپنی بات حکومت کے سامنے رکھتے ہوئے قوم و ملت کی مضبوط نمائندگی کرتے تھے۔ بلاشبہ ان کے انتقال سے بہت بڑا خسارا ہوا ہے اس میں کوئی د ورائے نہیں ہے جماعت اہلسنت کرناٹک و شاخ بیدر کی جانب سے بھر پور تعزیت پیش کی جاتی ہے۔ اور اس غم کی گھڑی میں ان کے افراد خاندان کے ساتھ ہوں۔
ڈاکٹر عبدالقدیر چیر مین شاہین ادارے جات بیدر نے سید ذوالفقار ہاشمی کے انتقال پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے ایک بہترین رفیق سے جدا ہوگیا ان کی رحلت بالخصوص میرے لئے اور باالعموم بیدر کی عوام کے لئے ایک بہت بڑا صدمہ ہے، ان کی رحلت سے جو خلاء پیدا ہوئی ہے اس کا پر ہونا انتہائی دشوار ہے۔ ذوالفقار ہاشمی کے سیاسی زندگی کے آغاز ہی ہم ان کے ساتھ جڑ کر سیاسی، سماجی، فلاحی میدانوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیاکرتے تھے۔ خاص طور پر اردو کی بقاء کے لئے ہر ممکنہ نمائندگی کرکے اردو کے ساتھ اپنی وابستگی کا ثبوت دیا اور ضلع بیدر میں سیاسی بیداری کو فروغ دینے کا سہرا کسی کے سر جاتاہے تو وہ صرف ذوالفقار ہاشمی ہیں، ہاشمی صاحب ملت کے نو نہالان کی تعلیم کے لئے فکر مند رہتے تھے اور خانگی تعلیمی اداروں کو حکومت سے فائدہ پہنچانے کے لئے وہ بے باک نمائندگی کرتے رہے میں ان کے اہل خانہ کے غم میں برا بر کا شریک ہوں۔
محمد آصف الدین سکریٹری وژڈم اداراجات بیدر نے سید ذوالفقار ہاشمی کے انتقال پر گہرے غم و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تعلیمی اداروں سے قولی و فعلی اور قلبی وابستگی رہی ان کے مسائل کے حل کے لئے وہ ہمیشہ کمر بستہ رہے وہ وژ ڈم ادارہ جات کے خیر خواہ تھے پورے کرناٹک بھر میں اہل دانش انہیں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے تھے بے باکی ہندوستان بھر میں آپ کی انفرادی پہچان تھی آپ کا وصال سے بیدر ایک بے مثال شخصیت سے محروم ہوگیا۔
خواجہ ضیاء الحسن جاگیر دار سجادہ نشین درگاہ حضرت سید تاج الدین باگ سوار بسواکلیان، احمد مظفر الدین جاوید سوپرپریس بیدر، سیّدراشد علی پٹیل صدر، محمد اسلم میاں معتمد جامع نورالاسلام چٹگوپہ، مولانا محمد بشیر الدین نظامی ہمناآبادنے اپنے تعزیتی کلمات میں کہا کہ سید ذوالفقار ہاشمی جہاں ایک بے باک نیڈر قائد تھے وہیں و ہ ایک انتہائی رحم دل و ہمدرد اور بہترین انسان بھی تھے وہ اللہ والوں سے قلبی وابستگی و وارفتگی رکھتے تھے۔ جب بھی ان کا بسواکلیان آنا ہوتا وہ با رگاہ تاج الدین بابا میں حاضر ہوتے اللہ تعالیٰ انہیں اپنی خاص رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔