مدھیہ پردیش کے وزیر جواب دینے میں ناکام، پریس کانفرنس چھوڑ کر بھاگے!
پریس کانفرنس کے دوران کابینہ کے وزیر تلسی سلاوٹ اور بی جے پی کے صدر گورو رندیوے اندور میں ریمیڈسویر کی کمی کے حوالہ سے صحافیوں کے جواب نہیں دے پائے اور پریس کانفرنس چھوڑ کر بھاگ گئے…!
اندور: مدھیہ پردیش کے اندور میں کورونا وبا کے سبب سرکاری اور نجی اسپتالوں میں مریضوں کی حالت بد سے بدتر نظر آ رہی ہے۔ روزانہ اسپتالوں میں لاپروائی کی وجہ سے چھوٹے بڑے تنازعے منظر عام پر آ رہے ہیں لیکن انتظامیہ اور حکومت کے نمائندے کوئی بہتر اقدام نہیں لے پا رہے۔
اسی ضمن میں کابینہ کے وزیر اور اندور کے کورونا وبا کے انچارج تلسی سلاوٹ، بی جے پی کے شہر صدر گورو رنویدے اور رکن پارلیمنٹ شنکر لالوانی سمیت کئی بی جے پی کے عہدیداران بی جے پی کے دفتر پر میڈیا سے مخاطب ہوئے۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہاں انہوں نے میڈیا کے کئی سوالوں کے جواب گول مول طریقہ سے دینے کی کوشش کی۔ شہر میں آکسیجن کی فراہمی ہو یا پھر ضروری ادویات کی قلت، سبھی کا ان کے پاس صرف ایک ہی جواب تھا کہ حکومت انتظام کر رہی ہے، جبکہ زمینی حالات اس کے برعکس ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران کابینہ وزیر تلسی سلاوٹ اور بی جے پی کے صدر گورو رنویدے اندور میں ریمیڈیسویر کئی کمی پر صحافیوں کی طرف سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب نہیں دے پائے اور پریس کانفرنس چھوڑ کر بھاگ گئے۔
شمشان گھاٹوں میں روزانہ آخری رسومات کے لئے پہنچ رہی لاشوں کو اب شاید حکومت اور انتظامیہ کے اعدادوشمار میں شامل ہی نہیں کیا جا رہا اور ان لاشوں کو گنا بھی نہیں جا رہا۔ شہر صدر گورو رنویدے کا کہنا ہے کہ شہر میں اسپتالوں کی تعداد بڑھا کر 105 کر دی گئی ہے۔ آنے والے دنوں میں دیگر سرکاری اسپتالوں کو بھی کووڈ-19 کے لئے مختص کیا جائے گا اور یہاں پر علاج شروع کیا جائے گا۔ کچھ اسپتالوں کو آکسیجن فراہمی کے لئے اسپتال کے احاطہ میں ہی پلانٹ لگانے کی ہدایت دی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں آکسیجن کی کوئی کمی نہ رہے۔
اسپتالوں میں بیڈ کی کمی پر ان کا کہنا تھا کہ ہوم آئسولیشن پر زور دیا جا رہا ہے تاکہ بیڈ کی کمی کو دور کیا جا سکے۔ جن مریضوں کو اسپتال میں رہنے کی ضرورت ہے انہیں ہی رکھا جائے گا۔ میڈیا کے ذریعے بیڈ دستیاب نہ ہونے کے سبب ہونے والی اموات کے سوال کے جواب میں رنویدے نے کہا کہ ایسا کوئی شخص نہیں ہے جسے بیڈ نہ ملا ہو۔ لیکن زمین پر حقیقت کچھ اور ہی نظر آ رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر لگاتار لوگوں کے میسج وائرل ہو رہے ہیں کہ انہیں بیڈ کی ضرورت ہے اور کئی لوگ سوشل میڈیا کے ذریعے ہی بیڈ کی تلاش میں مصروف ہیں۔ ریمیڈیسویر کی کمی پر انہوں نے کہا کہ صرف مدھیہ پردیش میں ہی نہیں بلکہ پورے ہلک میں اس کی کمی ہے۔