اترپردیش میں کورونا بے قابو، طبی خدمات بری طرح متاثر
کورونا وبا اتنی شدت کے ساتھ پھیل رہی ہے کہ ریاست اتر پردیش کی طبی خدمات بری طرح چرمرا گئی ہیں، مریضوں کے رشتہ دار ادھر سے ادھر پریشان حال دھکے کھا تے نظر آرہے ہیں
لکھنؤ: کل یعنی جمعرات کے روز ریاست اتر پردیش میں 34 ہزار سے زیادہ کورونا کے نئے معاملہ سامنے آئے ہیں جو اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔گزشتہ جمعہ کو کورونا کے 27 ہزار سے زیادہ معاملہ رپورٹ ہوئے تھے یعنی گزشتہ سات دنوں میں سات ہزار نئے معاملوں کا اضافہ ہوا ہے۔
اگر ان بڑھتے ہوئے اعداد و شمار کا جائزہ لیں تو اندازہ ہوگا کہ کورونا وبا کے معاملوں کی شرح میں 19 سے 20 فیصد کا اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ پہلے یہ شرح 12 فیصد سے زیادہ نہیں تھی۔ ریاست میں پنچایت انتخابات ہو رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ کورونا کی اس بڑھتی رفتار کو انتخابات نے مزید تیز کر دیا ہے۔
ریاست میں 19 اپریل کو پنچایت انتخابات کے تحت دوسرے مرحلہ کی پولنگ ہوئی، جس کے بعد سے کورونا کے معاملے 28 ہزار سے بڑھ کر 30 ہزار ہو گئے۔ واضح رہے پنچایت انتخابات کے ابھی دو مرحلہ اور باقی ہیں اور بہت ممکن ہے کہ ان دو مرحلوں کے بعد کورونا کے حالات مزید خراب ہو جائیں۔
ریاستی حکومت نے وبا کو پھیلنے سے روکنے کےلئے سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ 17 اپریل کو کورونا کے 27426 نئے معاملہ سامنے آئے تھے اور 103 افراد کی موت ہوئی تھی۔ 18 اپریل کو کورونا کے 27357 نئے معاملہ سامنے آئے اور 120 افراد کی موت ہوئی تھی۔ 20 اپریل کو یہ معاملے بڑھ کر 28287 ہو گئے، 21 اپریل کو 33214 اور کل معاملوں کی تعداد بڑھ کر 34379 ہو گئی۔